نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کے معاملوں میں تیزی سے اضافہ ہوتا جارہاہے۔ اور اب یہ دنیا بھر میں انفیکشن کے سب سے زیادہ معاملوں والے ممالک میں 10 ویں نمبر پر ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں انفیکشن کے معاملوں میں اگرچہ جزوی کمی آئی ہے جبکہ اسی مدت 2770 لوگ ٹھیک بھی ہوئے ہیں جس سے اس بیماری سے نجات پانے والوں کی تعداد بڑھ کر 60 ہزار سے زائد ہو گئی۔ اس درمیان مہاراشٹر میں کورونا وائرس متاثرین کی تعداد 52 ہزار سے زائد ہو گئی۔
مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے آج صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 6535 نئے معاملے سامنے آئے جس سے متاثرین کی مجموعی تعداد 1،45،380 تک پہنچ گئی۔ فی الحال ملک میں کل 80،722 ایکٹیو کیسز ہیں۔ اس سے ایک دن پہلے 6977 اور اتوار اور ہفتہ کو بالترتیب 6767 اور 6654 نئے معاملے سامنے آئے تھے۔ ملک میں كووڈ -19 انفیکشن سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں 146 افراد کی موت ہونے سے ہلاکتوں کی تعداد 4،167 ہو گئی۔ اسی مدت میں اس بیماری سے 2770 لوگ شفایاب ہوئے ہیں جس سے صحت مند ہونے والوں کی مجموعی تعداد 60،491 ہو گئی ہے۔