والد کو سائیکل پر لانے والی لڑکی کے خاندان کی مالی مدد، اے آئی بی ای اے کی پیشکش

0

حیدرآباد: آل انڈیا بینک ایمپلائز ایسوسی ایشن (اے آئی بی ای اے) نے 15سالہ لڑکی جیوتی کماری کے خاندان سے رابطہ قائم کیا جس نے کورونا 
وائرس لاک ڈاون کی وجہ سے اپنے نقل مکانی کرنے والی مزدور باپ کو گرگاوں سے دربھنگہ بہار کے اپنے گاوں سروہلی تک  1200کیلومیٹر کا سفر طئے کرتے 
ہوئے سائیکل پر پہنچایا۔ ایسوسی ایشن نے اس خاندان کے پانچ بچوں کے مکمل تعلیمی اخراجات برداشت کرنے کی پیشکش کی۔ ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری وی ایچ 
وینکٹ چلم نے ٹویٹر پر یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا اطلاعات کے مطابق نقل مکانی کرنے والا مزدور موہن پاسوان ڈرائیور کے طور پر کام کرتا تھا۔ حال ہی میں 
وہ حادثہ کا شکار ہوا اسی لئے وہ ڈرائیور کے طورپر خدمات انجام نہیں دے پارہا تھا۔ اس کی مدد کے لئے اس کی 16سالہ بیٹی جیوتی کماری مارچ میں گرگاوں 
پہنچی۔ افسوس اس بات کا ہے کہ لاک ڈاون کی وجہ سے یہ دونوں مشکل کا شکار ہوگئے۔ موہن کے مالک مکان نے مکان خالی کرنے کے لئے دباو ڈالا۔ موہن کو اپنی دوائیں 
روک دینی پڑییں تاکہ باپ اور بیٹی دونوں ایک دن کا کھانا کھاسکیں۔ موہن کی بیوی آنگن واڑی مزدور ہے جس نے اپنے زیورات کو رہن رکھتے ہوئے 15000روپئے 
حاصل کئے۔ اس کی بیٹی جیوتی کماری نے اس رقم سے ایک سائیکل خریدی اور اپنے جسمانی معذور باپ کو اس سائیکل کے ذریعہ لانے کا فیصلہ کیا۔ موہن نے کہا کہ ان 
کا گاوں تقریبا1200کیلومیٹر کی دوری پر ہے۔ موہن نے جیوتی کماری کو منع کرنے کی کوشش کی تاہم ان کی مشکلات نے اس کو ایسا کرنے پر مجبور کردیا۔ اس نے 
اپنے باپ کے ساتھ گرگاوں سے سائیکل پر سفر شروع کیا۔ بعض مقامات پر عطیہ دہندگان سے ان کو کھانا مل گیا۔ چند دن وہ بھوکے بھی رہے کیونکہ ان کے پاس کھانا 
نہیں تھا۔ کسی بھی طرح سے 8تا10دن کاسفر طئے کرتے ہوئے یہ افراد اپنے گاوں پہنچے۔ یہ خاندان کافی غریب ہے اور جیوتی کماری کے دو چھوٹے بھائی اور دو 
چھوٹی بہنیں ہیں۔ اے آئی بی ای اے کے جنرل سکریٹری نے کہا کہ ہم ان کی معاشی حالات کے بارے میں تصور کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے ان 
پانچ بچوں کے تعلیمی اخراجات کے مصارف برداشت کرنے یا پھر اس خاندان کی مالی مدد کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے انیرودھ کمار جنرل سکریٹری بہار پروویشیل بینک 
ایمپلائز ایسوسی ایشن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ کماری کے خاندان سے رابطہ قائم کریں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS