شعبہء اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی تاریخ میں پہلی آن لائن میٹنگ کا انعقاد، تعلیمی سلسلہ آن لائن جاری رکھنے کا عزم

0

نئی دہلی: لاک ڈاؤن کے دوران تعلیمی ادارے بند ہیں لیکن اس مشکل گھڑی میں بھی شعبہء اردو، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی تعلیمی اور انتظامی 
سرگرمیاں آن لائن جاری ہیں۔ یہ بات جامعہ ملیہ اسلامیہ کے شعبہ اردو کے صدر پروفیسر شہزاد انجم نے میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
 اس میٹنگ میں تمام اساتذہ نے تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے کے عہد کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ اس دوران یوٹیوب، گوگل میٹ، زوم، آڈیو ریکارڈنگ، اسکین شدہ مواد 
کی فراہمی اور واٹس ایپ کے ذریعے طلبا کا نصاب مکمل کیا، وہ ان سے مسلسل رابطے میں ہیں اور طلبا بذریعہ میل اسائمنٹ بھی ارسال کررہے ہیں۔ 
شعبے کے تعلیمی اور انتظامی مسائل کے حوالے سے صدرِ شعبہ پروفیسر شہزاد انجم کی صدارت میں منعقدہ اس میٹنگ میں جس میں گوگل میٹ پر ڈین فیکلٹی آف 
ہیومنیٹیز اینڈ لینگویجز پروفیسر محمد اسدالدین، پروفیسر شہپر رسول، پروفیسر احمد محفوظ، پروفیسر کوثر مظہری، پروفیسر خالد جاوید، پروفیسر عبدالرشید، پروفیسر 
ندیم احمد، ڈاکٹر سرورالھدیٰ، ڈاکٹر شاہ عالم، ڈاکٹر خالد مبشر، ڈاکٹر مشیراحمد، ڈاکٹر سید تنویر حسین، ڈاکٹر محمد مقیم،ڈاکٹر سمیع احمد، ڈاکٹر سلطانہ واحدی،ڈاکٹر عادل 
حیات، ڈاکٹر محمد آدم، ڈاکٹر جاوید حسن اور ڈاکٹر ثاقب عمران کے علاوہ ٹیکنیکل آفیسر فیکلٹی آف ہیومنیٹیز اینڈ لینگویجز فیاض علی شریک ہوئے۔ 
اس موقع پروفیسر شہزاد انجم نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے جاری لاک ڈاؤن کی وجہ سے طلبہ کا تعلیمی نقصان نہیں ہونا چاہئے اور ہم سب کی ذمہ 
داری ہے کہ ہم اس نئے ماحول میں طلبہ کو آن لائن تیاری کی تحریک و ترغیب دیں تاکہ ان کا کوئی تعلیمی نقصان نہ ہو۔ 
شعبے کے وابستگان کے لیے میٹنگ کا یہ پہلا آن لائن تجربہ تھا، خصوصاً لاک ڈاؤن کے دوران ایک طویل عرصے تک کوئی اجتماعی رابطہ منقطع رہنے کے سبب اس 
میٹنگ میں سبھی اساتذہ کی نہایت پرجوش شرکت نے میٹنگ کو خوش گوار بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS