نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس انفیکشن کے ایک دن میں پانچ ہزار سے زیادہ معاملے سامنے آنے کے ساتھ ہی متاثرین کی مجموعی تعداد آہستہ آہستہ بڑھتے ہوئے 96 ہزار کے اعداد و شمار کو پار کر گئی ہے اور اس وبا سے ہلاک شدگان کی تعداد بھی اب تین ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔
مرکزی وزارت صحت کی جانب سے آج صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائرس کے 5242 نئے معاملے سامنے آئے ہیں جبکہ اسی مدت میں 157 افراد کی موت ہوئی ہے۔ ملک بھر میں اب تک 96،169 افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 3029 افراد کی موت ہوئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس کے مسلسل بڑھتے ہوئے معاملوں کے باوجود ایک مثبت پہلو یہ بھی ہے کہ اس بیماری سے ٹھیک ہونے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہو رہا ہے اور ایسے لوگوں کی تعداد 36 ہزار سے زیادہ ہو گئی ہے۔ اب تک 36،824 افراد اس انفیکشن سے مکمل طور شفایاب ہوئے ہیں اور انہیں مختلف اسپتالوں سے چھٹی دے دی گئی ہے۔
ملک میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ مہاراشٹر متاثر ہوا ہے یہاں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 2347 نئے معاملے سامنے آئے ہیں، جس کے بعد یہاں متاثرین کی مجموعی تعداد بڑھ کر 33،053 ہو گئی ہے اور کل 1198 افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ 7688 لوگ اس وبا سے ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے معاملے میں ریاست گجرات دوسرے نمبر پر ہے۔ گجرات میں اب تک 11379 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں اور 659 اموات ہوئی ہے جبکہ 4499 لوگوں کے علاج کے بعد مختلف اسپتالوں سے چھٹی مل چکی ہے۔