نئی دہلی: عالمی وبا کورونا وائرس کا قہر ملک میں بڑھتا ہی جارہا ہے۔ ہندوستان میں کورونا وائرس سے 90 ہزار سے زیادہ افراد متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اس مہلک وائرس سے اب تک 2000 سے زیادہ افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لئے ملک میں 54 دن سے لاک ڈاؤن جاری ہے۔ دریں اثنا لاک ڈاؤن میں 31 مئی تک توسیع کردی گئی ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ایک پریس ریلیز جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے لاک ڈاؤن کی مدت 31 مئی تک بڑھا دی گئی ہے۔ این ڈی ایم اے نے کہا کہ کووڈ ۔19 کو پھیلنے سے روکنے کے لئے لاک ڈاؤن کی مدت میں توسیع کی گئی ہے، اس کے لیے نئی ہدایات جلد جاری کی جائیں گی۔ یہ لاک ڈاؤن کا چوتھا مرحلہ ہوگا وزیر اعظم مودی نے قوم سے خطاب میں چوتھے مرحلے کے لاک ڈاؤن کا اعلان کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن کا یہ چوتھا مرحلہ ایک نئے رنگ روپ کا ہوگا۔ وزارت داخلہ آج رات تک لاک ڈاؤن 4 کے حوالے سے نئی ہدایات جاری کرے گی۔ واضح رہے کہ کورونا کے لاک ڈاؤن کا یہ مرحلہ 31 مئی تک جاری رہے گا۔