وسطی کشمیر میں جنگجوؤں کی کمین گاہ تباہ،لشکر کمانڈر کے اہم ساتھی کی گرفتاری

    0

    سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
    جموں کشمیر پولس نے وسطی ضلع بڈگام میں لشکرِ طیبہ کی ایک کمین گاہ کو تباہ کرکے اس میں سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔پولس نے لشکر کمانڈر یوسف کانٹرو کے ایک خاص معاون اور اپر گراونڈ ورکر (او جی ڈبلیو) کو گرفتار کرنے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔ اس دوران جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں نامعلوم جنگجوؤں نے ایک پولس اہلکار پر نزدیک سے گولی چلاکر انہیں قتل کردیا ہے۔
    پولس ذرائع کا کہنا ہے کہ لشکر کمانڈر یوسف کانٹرو کے معاون اور او جی ڈبلیو ظہور وانی کو بڈگام ضلع کے آری زال گاؤں میں گرفتار کیا گیا ہے اور انکی تحویل سے اسلحہ و گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ ان ذرائع کے مطابق وانی کے گھر سے محض دو ایک سو میٹر دور خود انہی کی زمین میں بنے ایک ’’ہائیڈ آوٹ‘‘ کا پتہ لگاکر فوج اور پولس نے اسے تباہ کردیا ہے۔پولس کا الزام ہے کہ ظہور وانی بڈگام اور بارہمولہ اضلاع میں سرگرم جنگجوؤں کیلئے لاجسٹک،پناہ گاہوں اور ٹرانسپورٹ کا انتظام کرتے رہے ہیں اور انہیں ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر گرفتار کیا گیا ہے۔ پولس کا کہنا ہے کہ ظہور وانی کے پکڑے جانے سے جنگجوؤں کی نقل و حمل سے متعلق اہم معلومات حاصل ہوسکتی ہیں۔
    اس دوران جنوبی کشمیر کے کولگام ضلع میں نا معلوم جنگجوؤں نے ایک پولس اہلکار پر نزدیک سے گولی چلاکر انہیں قتل کر دیا ہے۔ ایک پولس ترجمان نے بتایا کہ ضلع کے فرصل یاری پورہ میں جنگجوؤں نے پولس کے ایک ناکہ پر پہلے گرنیڈ دے مارا اور پھر اندھادند فائرنگ کی جس کی زد میں آکر ایک ہیڈ کانسٹیبل شدید زخمی ہوگئے جنہوں نے بعدازاں اسپتال لے جاتے جاتے دم توڑ دیا ہے۔
    اس واقعہ کے فوری بعد فوج ،سی آر پی ایف اور پولس نے ایک وسیع علاقہ کو گھیرے میں لیکر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی تاہم دیر گئے تک انکا کوئی سراغ نہیں لگیا جاسکا تھا۔قابلِ ذکر ہے کہ جنوبی کشمیر جنگجوئیانہ سرگرمیوں کا گڈھ مانا جارہا ہے تاہم حالیہ دنوں میں سرکاری فورسز نے یہاں کئی اینکاونٹر کرکے کئی نامور جنگجوؤں،جن میں حزب المجاہدین کے آپریشنل کمانڈڑ ریاض نائیکو بھی شامل ہیں،کو مار گرایا ہے۔
     

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS