کووِڈ-19 کے دوران بھی کشمیری مسلمانوں کی رواداری کی روایت قائم

    0

    سرینگر: صریرخالد،ایس این بی
    کووِڈ 19 نے دنیا کو اُلٹا پلٹ کردیا ہے اور کئی جگہوں پر لوگوں کے معمولات اور برتاؤ بدلتا محسوس ہورہا ہے تاہم کشمیری مسلمانوں کی رواداری اور انسانیت ابھی تک محسوس ہے۔ اس کا اظہار آج پھر اسوقت ہوا کہ جب شمالی کشمیر کے گاندربل ضلع کے ایک گاؤں کے مقامی لوگوں نے ایک پنجابی جاٹھ سکھ کی آخری رسومات انجام دیں۔ لوگوں نے دیارِ غیر میں ہلاک ہوئے اس سکھ کے بھائی کی ڈھارس بندھائی اور انہیں ہر قسم کی مدد کا یقین دلایا۔
    یہ واقعہ ضلع کے واپورہ گاؤں کا ہے جہاں کرایہ کے کمرے میں رہ رہے ایک پنجابی سکھ ،جن کا نام راکیش سنگھ بتایا گیا ہے،جو یہاں اپنے بھائی کے ساتھ ترکھان کا کام کرتے تھے،کا انتقال ہوا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس واقعہ کی خبر ہونے پر گاؤں والے جمع ہوگئے اور اُنہوں نے پہلے مذکورہ کی لاش کو اُنکے وطن بھیجنے کے بارے میں سوچا تاہم کووِڈ 19-کی جاری تالہ بندی کی وجہ سے ایسا ممکن نہیں ہو پایا جسکے بعد جاٹھ روایات کے بارے میں معلوم کرکے لوگوں (مقامی مسلمانوں) نے اس شخص کی ٹھیک انہی روایات کے مطابق آخری رسومات انجام دیں۔
    ان ذرائع نے بتایا کہ لوگوں نے پہلے پولس اور ڈاکٹروں کو مطلع کیا اور پھر لاش کا طبی معاینہ کرانے کے بعد اسے پورے احترام کے ساتھ جلایا۔ اس کام میں شریک ہوئے لوگوں نے سوشل ڈسٹینسنگ اور کووِڈ 19-کے حوالے سے دیگر سبھی ہدایات کا پورا خیال رکھا تھا۔مذکورہ سکھ کے بھائی نے ایک خبر رساں ایجنسی کو بتایا کہ دونوں بھائی ایک دہائی سے کشمیر میں ترکھان کا کام کرتے آئے ہیں اور انہیں یہاں ہمیشہ اپنائیت کا احساس ہوا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ مقامی مسلمانوں نے انکے بھائی کی پورے احترام کے ساتھ آخری رسومات انجام دی ہیں جسکے لئے وہ شکر گذار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقامی لوگوں نے نہ صرف انکی ڈحارس بندھائی بلکہ انہیں ہر ممکن مدد کا یقین دلایا ہے۔
    قابلِ ذکر ہے کہ وادیٔ کشمیر میں اس سے قبل بھی مسلمانوں نے ان ہندوؤں کی آخری رسومات انجام دی ہیں کہ جنکا یہاں کوئی نہیں تھا۔ گاندربل کا واقعہ ایسے میں پیش آیا ہے کہ جب کووِڈ 19-کی وجہ سے تالہ بندی جاری ہے اور لوگ اپنے رشتہ داروں تک کیلئے جمع ہونے سے احتراز کرتے ہیں تاہم ایک غیر کشمیری اور غیر مسلم شخص کیلئے لوگ جوکھم اُٹھانے سے نہیں ہچکچائے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS