نئی دہلی: ایئرلائنز کمپنی ایئر انڈیا کے دہلی واقع ہیڈ کوارٹر کا ایک ملازم کووڈ 19 سے متاثر پایا گیا ہے جس کے بعد ہیڈ کوارٹر کی عمارت کو سیل کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایئر انڈیا کے رکاب گنج روڈ پر واقع ہیڈ کوارٹر کے ملازم میں کورونا کی علامات پائے جانے کے بعد اس کی جانچ کرائی گئی تھی۔ پیر کی شام اس کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد عمارت کو دو دن کے لئے سیل کردیا گیا ہے۔
شہری ہوا بازی کی وزارت کے ایک افسر نے بتایا کہ پوری عمارت کو سنیٹائز کرنے کے لئے دو دن کے لئے سیل کیا گیا ہے۔ سنیٹائزیشن کا کام مکمل ہوجانے کے بعد دفتر میں دوبارہ کام کاج شروع ہوجائے گا۔ صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کے رہنما خطوط کے مطابق مذکورہ ملازم کے رابطے میں آئے دیگر سبھی ملازمین کو 14 دن کے لئے قرنطینہ کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی حکومت نے سبھی سرکاری ملازمین کی کم تعداد کے ساتھ کام کرنے کا حکم دیا ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS