مرکزی وزیر صحت و خاندانی بہبود ڈاکٹر ہرش وردھن نے شمال مشرقی ریاستوں میں کورونا وائرس کے کم واقعات کے پیش نظر ان ریاستوں کی تعریف کی ہے اور کہا ہے کہ ان ریاستوں کے بیشتر اضلاع اور علاقے گرین زون میں نظر آرہے ہیں یہ کافی راحت بخش اور حوصلہ افزا ہے۔
ڈاکٹر ہرش وردھن نے آج ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ شمال مشرقی ریاستوں اروناچل پردیش ، آسام ، منی پور ، میگھالیہ ، میزورم ، ناگالینڈ ، سکم اور تریپورہ کے اعلی عہدیداروں کے ساتھ جائزہ میٹنگ میں کہا کہ صرف آسام اور تریپورہ میں ہی کورونا وائرس کے معاملے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔ شمال مشرقی ریاستوں کے دوسرے حصے گرین زون میں ہیں۔
انہوں نے کورونا وائرس سے لڑنے میں ان ریاستوں کے عزم کی تعریف کی اور کہا کہ جن ریاستوں کے ضلع اورنج زون میں ہیں انہیں اب گرین زون میں تبدیل کرنے کے لئے ہر ممکن کوشش کرنی چاہئے۔
شمال مشرقی ریاستوں کے نمائندوں کے ساتھ میٹنگ میں ، ڈاکٹر ہرش وردھن نے کہا کہ جانچ کی سہولیات ، نگرانی ، رابطے کے ذرائع اور صحت کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنا کر کورونا وائرس سے جیتا جاسکتا ہے اور ہندوستان نے بروقت جو تیاریاں کی تھیں ان کی وجہ سے ہندوستان کسی بھی طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لئے پوری طرح تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس سطح کو برقرار رکھنے کے لئے ، شمال مشرقی ریاستوں کو اب ملک کے دیگر حصوں سے آنے والے تارکین وطن مزدوروں ، طلباء اور لوگوں کی مکمل جانچ اور قرنطینہ کو یقینی بنانے پر توجہ دینی ہوگی۔ وزارت صحت اور وزارت خارجہ کے رہنما خطوط پر پوری طرح عمل کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ زیر علاج مریضوں کے لئے نظرثانی شدہ رہنما خطوط جاری کئے گئے ہیں اور تمام ریاستوں کو ان پر عمل کرنا ہوگا۔