نئی دہلی: دنیا بھر میں کورونا وائرس سے ہوئی اموات کی تعداد دو لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ ایک خبر رساں نیوز ایجنسی کے مطابق ہفتہ کے روز دنیا میں کورونا سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 2 لاکھ 45 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ گزشتہ سال دسمبر میں چین سے شروع ہوئے وائرس سے دنیا میں 85 فیصد ہلاکتیں صرف یورپ اور امریکہ میں درج کی گئی ہیں۔ یورپ کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 15 لاکھ 16 ہزار 635 مریض منظر عام پر آچکے ہیں، جن میں سے ایک لاکھ 41 ہزار 475 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ امریکہ اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے جہاں اب تک 65 ہزار 173 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ امریکہ کے بعد اٹلی کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہوا جہاں 28 ہزار 236 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر برطانیہ ہے جہاں 28 ہزار 131 ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اسی طرح یورپ کے دیگر ممالک اسپین اور فرانس میں بھی کورونا وائرس نے تباہی مچائی ہے۔ اسپین میں اب تک 25 ہزار 100 افراد جبکہ فرانس میں 24 ہزار 594 اموات ہو چکی ہیں۔ امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے مطابق روس میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 24 ہزار 54 ہو گئی ہے جبکہ ایک ہزار 222 افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ جرمنی میں ایک لاکھ 64 ہزار 380 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے جبکہ 6 ہزار 736 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔ اسی طرح ہالینڈ میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 5 ہزار سے زائد ہو گئی ہے جبکہ مریضوں کی کل تعداد 40 ہزار 434 ہے۔ ترکی میں ایک لاکھ 22 ہزار 392 افراد میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 3 ہزار 258 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ ہندوستان میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 1300 سے تجاوز کر گئی ہے جب کہ متاثرین کی تعداد 40،000 کے قریب پہنچ گئی ہے۔ چین جہاں سے کورونا وائرس کا آغاز ہوا وہاں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہزار 637 ہو گئی ہے جبکہ ملک میں متاثرین کی تعداد 83 ہزار 959 ہے۔ ایران میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 96 ہزار سے زائد ہو چکی ہے جبکہ 6 ہزار 156 ہلاکتیں ہوئی ہیں۔
کورونا سے دنیا بھر میں 2 لاکھ45 ہزار سے زائد ہلاکتیں، متاثرین کی تعداد 35 لاکھ سے تجاوز
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS