عالمی وبا کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے جاری ملک گیر لاک ڈاون میں توسیع کر دی گئی ہے۔ چار مئی سے شروع ہونے والے تیسرے مرحلہ میں دہلی میں کوئی راحت نہیں دی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی دارالحکومت کے تمام اضلاع ’ریڈ زون‘ میں رکھے گئے ہیں۔
پیر سے لاک ڈاون کا تیسرا مرحلہ شروع ہوگا جو 17مئی تک جاری رہے گا۔ تیسرے مرحلہ میں ملک کو تین زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ زون کے حساب سے لاک ڈان میں کچھ راحتیں بھی دی گئی ہیں، لیکن دہلی میں معاملات میں مسلسل اضافے کے مد نظر یہ ریڈ زون میں ہے، اس لئے یہاں کوئی ڈھیل نہیں ہوگی بلکہ مزید سختی کے ساتھ عمل کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔
وزیر صحت ستیندر جین نے آج کہا کہ آئندہ دو ہفتہ تک دارالحکومت کے تمام 11 اضلاع میں لاک ڈاون میں کسی طرح کی نرمی نہیں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔