نئی دہلی: چین کے ووہان سے شروع ہو کر دنیا کے 190 ممالک کو اپنی زد میں لینے والے مہلک کورونا وائرس سے دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد 25 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے اوراس عالمی وبا سے اموات ایک لاکھ 70 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔ دوسری جانب اس مہلک وبا سے دنیا بھر میں صحتیاب ہونے والے افراد کی تعداد چار لاکھ سے زیادہ ہے۔ واضح رہے کہ اس وائرس کے خاتمے کے لیے اب تک کوئی دوا تیار نہیں کی جا سکی ہے،جبکہ کئی ممالک میں کورونا کے مریضوں پر مختلف ادویات کے تجربات کیے جارہے ہیں، اور امید کی جا رہی ہے کہ جون تک کوئی اچھی خبر مل سکتی ہے۔ امریکی یونیورسٹی جان ہاپکنز کے اعداد و شمار کے مطابق دنیا 24 لاکھ 86 ہزار سے زائد افراد اس وبا کا شکار ہوئے ہیں، جبکہ اموات ایک لاکھ 70 سے تجاوز کر چکی ہیں۔
امریکہ کی مختلف ریاستوں میں سوشل ڈسٹینسنگ کی پرواہ کیے بغیر لاک ڈاؤن کے خلاف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں، باوجود اس کے امریکہ میں کیسز کی تعداد دنیا میں سب سے زیادہ ہے جو تقریباً 8 لاکھ ہے اور ہلاکتیں 42 ہزار 444 سے زیادہ ہیں۔ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اپنے ملک میں امیگریشن پر عارضی پابندی لگا رہے ہیں۔ اٹلی میں کورونا کے مریضوں کی روزانہ کی بنیاد پر ہونے والی اموات میں کمی آئی ہے۔ اٹلی کورونا متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 81 ہزار سے زائد ہے، جبکہ ہلاکتیں 24 سے بڑھ چکی ہیں۔ یورپ میں کورونا سب سے زیادہ متاثرہ ممالک میں سے ایک اسپین میں وائرس متاثرین کی تعداد 2 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے اور ہلاکتوں کی تعداد 21 ہزار سے زیادہ ہوچکی ہے۔ فرانس میں اب تک اس عالمی وبا سے20 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں اور متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 56 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ برطانیہ میں کورونا کے باعث اموات کی کل تعداد 16509 ہو گئی ہے اور متاثرین ایک لاکھ 25 ہزار سے زیادہ ہیں۔ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن کے ترجمان کے مطابق پابندیوں کے خاتمے اور سماجی فاصلوں کے حوالے سے نرمی کرنے سے قبل ہمیں اس بات کا یقین کرنا ہوگا کہ وائرس کی دوسری لہر نہیں آئے گی۔
جرمنی میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے اور 4 ہزار 6 سو سے زائد لوگ اب تک ہلاک ہوئے ہیں۔ جرمن حکومت کا کہنا ہے کہ کچھ چھوٹی دکانوں کو دوبارہ کھولنے اور کچھ اسکولوں کو رواں ہفتے پھر سے کلاسز شروع کرنے کی اجازت دی جائے گی۔ وہیں ہندوستان میں کورونا وائرس سےاب تک 590 افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور متاثرین کی تعداد 19 ہزار کے قریب پہنچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق ہندوستان کے صدارتی محل میں کام کرنے والے ایک شخص میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔
دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ لاک ڈاؤن میں بتدریج کمی کرنی چاہیے ورنہ وبا مزید پھیل سکتی ہے۔ برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق منگل کو عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر تکیشی کاسائی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ لاک ڈاؤن کے اچھے نتائج برآمد ہوئے ہیں تاہم جب تک اس کی ویکسین تیار نہیں ہوجاتی احتیاط کی ضرورت ہے۔
کورونا وائرس : دنیا بھر میں متاثرین کی تعداد تقریباً 25 لاکھ ،اموات ایک لاکھ 70 ہزار سے زائد
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS