نئی دہلی: كورونا وائرس (كووڈ -19)وبا کےخلاف لڑائی میں وزیراعظم نریندرمودی نے 14 اپریل تک کے ملک گیرلاک ڈاؤن کو توسیع دینے کے اشارہ دیتے ہوئے آج کہا کہ کورونا وائرس کے انفیکشن کا خطرہ کم نہیں ہوا ہے اور حکومت کے اقدامات کے اثرات کا جائز ہ لینے کےلئے آئندہ تین سے چار ہفتےکا وقت بہت اہم ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے کورونا وائرس کی وبا سے پیدا شدہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کےلئے آئندہ حکمت عملی پر بات چیت کےلئے یہاں تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے وزرائے اعلی کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے میٹنگ کی تھی۔
اس سے پہلے 20 مارچ اور دو اپریل کو بھی وزیر اعظم نے وزرائے اعلی کے ساتھ اسی موضوع پر ویڈیو كا نفرنس کے ذریعے بات چیت کی تھی ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ میں مغربی بنگال، دہلی اور مہاراشٹر سمیت سب سے زیادہ ریاستوں نے وزیر اعظم سے ملک بھر میں 14 اپریل تک نافذ لاک ڈاؤن کی 21 دن کی مدت کو دو ہفتے تک مزید توسیع دینے کی درخواست کی ہے۔ مرکزی حکومت ریاستوں کی اس درخواست پر غور کر رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم نے اعتراف کیا کہ مرکز اور ریاستوں کی مشترکہ کوششوں سے كورونا کے اثرات کو کم کرنے میں یقینی طور پر مدد ملی ہے لیکن صورت حال تیزی سے بدل رہی ہے اور اس وجہ سے اس پر مسلسل نگرانی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے اس بات پر زوردیا کہ آنے والے تین سے چار ہفتےحکومت کے اقدامات کے اثرات کا جائز ہ لینےکےلئے انتہائی اہم ہیں۔چیلنج کا سامنا کرنے میں ٹیم ورک بہت اہم ہے۔ وزیر اعظم مودی نے یقین دہانی کرائی کہ ہندوستان کے پاس ضروری ادویات کا کافی ذخیرہ ہے اور ڈاکٹروں، طبی عملے وغیرہ کےلئےحفاظتی سامان کی دستیابی کو یقینی بنانےکےلئے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔