پوری دنیا اس وقت کوویڈ ۔19 بحران سے لڑ رہی ہے اور ہندوستان میں بھی اس کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاون کے 18ویں روز آج وزیر اعظم نریندر مودی نے وزرائے اعلیٰ کے ساتھ ایک ویڈیو کانفرنس کے ذریعہ بات چیت کی۔ یہ میٹنگ وزیراعظم مودی نے وزرائے اعلیٰ کے اس بات پر رائے جاننے کے لئے کی کہ 21 روزہ ملک گیر لاک ڈاون میں توسیع کی جائے یا نہیں۔
میٹنگ صبح 11 بجے شروع ہوئی۔ اس میٹنگ میں وزیراعظم سمیت تمام وزرائے اعلیٰ ماسک پہنے نظر آئے۔ حکومت ملک بھر میں لاک ڈاون میں توسیع کر سکتی ہے لیکن کچھ ممکنہ نرمی کے ساتھ۔ اس سے قبل ہی پنجاب اور اڈیشہ نے پہلے ہی لاک ڈاون میں توسیع کا اعلان کیا ہے۔
لاک ڈاؤن کے نفاذ کے بعد ویڈیو کانفرنسگ کے ذریعے وزیر اعظم کی وزرائے اعلی کے ساتھ یہ دوسری میٹنگ ہے۔
بدھ کے روز وزیراعظم مودی نے آل پارٹی میٹنگ کی تھی جس میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ ایک بار میں لاک ڈاؤن نہیں ختم کیا جاسکتا ، انہوں نے اس بات پر زور دے کر کہا کہ ان کی حکومت کی ترجیح ہر ایک کی زندگی کو بچانا ہے۔