ملک بھر میں اس وقت کرونا وائرس کے معاملے تیزی سے بڑھ رہے ہیں۔ اس کے مد نظر اترپردیش کی ریاستی حکومت نے آج رات سے 15 اپریل تک وائرس سے متاثر ہونے والے 15 اضلاع کے کچھ حصوں کو سیل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان حصوں میں وہ جگہیں شامل ہیں جہاں زیادہ معاملے درج ہوئے ہیں۔ ریاست کے چیف سکریٹری آر کے تیواری نے کہا ، علاقے سیل ہونے کے دوران صرف ہوم ڈلیوری اور میڈیکل ٹیموں کو ہی اجازت ہوگی۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ حکومت نے ان علاقوں میں 100فیصد گھر کا ضروری سامان گھر پر ہی مہیا کرے گی۔
حکومت کی طرف سے جاری حکم کے مطابق لکھنو، آگرہ، غازی آباد، گوتم بدھ نگر، کانپور، وارانسی، شاملی میرٹھ، بریلی، بلند شہر، فیروزآباد، مہاراج گنج، سیتا پور، سہارنپور اور بستی شامل ہیں۔
چیف سکریٹری آرکے تیواری نے بتایا کہ ان 15 اضلاع میں کووڈ -19 کے انفیکشن کا اثر زیادہ ہے۔ ان اضلاع میں پوری طرح سے لاک ڈاون کیا جائے گا۔ اس دوران کسی کو بھی باہر نکلنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ سبھی ادارے بھی بند رہیں گے۔ اگر کوئی دفتر یا فیکٹری جارہا ہے تو پرائیویٹ گاڑی کی جگہ گاڑی پول کرکے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ کمیونٹی اسپریڈ نہ ہو، اس لئے یہ لاک ڈاون کیا جارہا ہے۔