نئی دہلی: مشہور فلم سیریز 'اسٹار وارس' میں کیلوان امیٹ کا کردار ادا کرنے والے اداکار اینڈریو جیک، ناول کورونا وائرس کی زد میں آنے کے دو دن بعد انتقال کر گئے۔ 76 سالہ اینڈریو جیک نے اسپتال میں آخری سانسیں لی۔ ایک خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جیک کے نمائندے جل میکیولگھ نے ان کی موت کی خبر کی تصدیق کی ہے۔ اس کے ساتھ ہی میکیولگھ نے کہا کہ تمام لوگ اداکاری کی دنیا کی اس مشہور شخصیت کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔ اینڈریو جیک اپنی زندگی کے آخری لمحات میں اپنی اہلیہ سے نہیں مل سکے کیونکہ وہ آسٹریلیا میں آئی سولیشن میں تھیں۔ اینڈریو جیک کی موت پر 'اسٹار وارس' میں ان کے شریک اسٹار گریگ گرنبرگ نے بھی اپنا رد عمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے جیک کی موت پر کہا کہ ان کی موت کی خبر پر وہ چونک گئے اور جیک کو ایک "بہترین، باصلاحیت ، اچھا انسان" بھی قرار دیا۔ گریگ نے جیک کے بارے میں مزید کہا ، "وہ ان مہربان لوگوں میں سے ایک ہیں جن کے ساتھ میں نے اب تک کام کیا ہے۔ واضح رہے کہ اینڈریو جیک کو 'اسٹار وار: دی فورس اوکینس' (2015) اور 'اسٹار وار: دی لاسٹ جیڈائی' (2017) میں دیکھا گیا تھا۔ اپنی زندگی کے سفر میں جیک نے 80 سے زیادہ فلموں میں کام کیا ہے اور اس کے علاوہ وہ ایک کامیاب ڈائیلیکٹ کوچ بھی رہے ہیں۔ اسی وقت کورونا وائرس کی بات کریں تو ہندوستان میں اب تک اس سے متاثرہ افراد کی تعداد 1300 سے زائد ہو چکی ہے۔