سرکاری کمیٹیوں کو متحرک و فعال بنایا جائے گا: نواب ملک

    0

    ممبئی:حکومت مہاراشٹر میں تبدیلیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اقلیتی امور کے وزیر نواب ملک نے کہاکہ ریاست میں سرکاری کمیٹیوں کی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کی جائے گی، جبکہ کھاٹک برادری سمیت دیگر فرقوں کے مسائل کے تدارک کےمدنظر سنجیدگی سے عمل ہوگا۔ گزشتہ روز مہاراشٹر سوشل ورکر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ادارہ کے صدر محمود نواز تھانہ والا کی سربراہی میں ملاقات کی، اس موقع پر نواب ملک اپنے خیالات پیش کررہے تھے۔ واضح رہیکہ ادارہ کے تمام ممبران کھاٹک سماج مہاراشٹر سے تعلق رکھتے ہیں۔ ایسو سی ایشن کی جانب سے وفد نے مذکورہ وزیر کے سامنے مہاراشٹر قصاب برادری کے سماجی مسائل کو رکھا ساتھ ہی مسلمانوں کے دیگر مسائل پربھی موضوع زیر بحث آئے۔ وفد نے نواب ملک کو بتایا کہ ہندو قصاب کی طرح مسلم قصاب برادری کے مسائل بھی کم و بیش ایک جیسے ہیں۔ ہندوقصاب کو ایس سی کی مراعات حاصل ہیں۔ اس تعلق سے مسلم قصاب کو اسی طرح کی سہولیات دستور ہند کی رو سے ملنی چاہئے۔ اس سلسلے میں ایک عرضداشت سپریم کورٹ میں بھی پچھلے کئی برسوں سے ہے۔ اس پر ریاستی حکومت نے بھی اپنا موقف عدالت کے سامنے رکھنا بھی اچھی بات ہے۔ ریاست مہاراشٹر میں مذبح جو سالہا سال سے انگریزوں کے دور سے گاؤں اور دیہاتوں میں ہے۔ ان کے حالات انتہائی خستہ ہیں۔ اس سلسلہ میں سپریم کورٹ کی ایک ہدایت کے مطابق خستہ حالی کو دور کرتے ہوئے اس کی جدید کاری سرکاری سطح پر ضروری ہے۔ اس کے علاوہ مہاراشٹر کے وقف بورڈ کے تعلق سے بھی بیزاری کا اظہار کرتے ہوئے وفد نے بتایا کہ یہاں برسوں سے بدعنوانیوں کا جال پھیلا ہوا ہے، اس کا ازالہ ضروری ہے۔ ہوسکے تو مہاراشٹر وقف بورڈ کو تحلیل کیا جائے۔ وفد نے نواب ملک کو بتایا کہ اقلیتوں (مسلمانوں) کے تعلق سے ریاستی حج کمیٹی، اردو اکادمی، مولانا آزاد مالیاتی کارپوریشن وغیرہ میں بہتری لانے کیلئے نیک صفت، ایماندار، مخلص اور قابل اشخاص کا تقرر کیا جائے۔ جن کے دل و دماغ میں قوم اور ملک و ملت کیلئے کام کرنے کا جذبہ ہو وہ لوگ ان اداروں پر فائز کئے جائیں۔ ایک دو شخص کے درست اور ایماندار ہونے سے کوئی تبدیلی نہیں آتی یا عوام کو سہولت نہیں مل پاتی، بدقسمتی سے برسوں سے یہاں مفاد پرست عناصر کا غلبہ رہا ہے۔ وفد نے نواب ملک کے گوش گزار یہ مسئلہ بھی کیا کہ ممبئی شہر میں بقرعید کے موقع پر قربانی کے سلسلہ میں بڑے مسائل پیدا ہوتے ہیں، گزارش کی گئی کہ پیش آنے والے پیچیدہ مسائل کو حل کرنے کی جانب پہل کی جائے۔ ملک نے وفد کی باتوں کو توجہ اور انتہائی سنجیدگی سے سنا اور مسائل کے تدارک کی خاطر اپنی جانب سے حتی الامکان کوشش کی یقین دہانی کرائی۔ مہاراشٹر قصاب برادی کے مذکورہ وفد میں شمش الدین شیخ دھولیہ ، سمیع احمد قریشی ممبئی، ایڈووکیٹ محبوب کوتمیرے سولا پوراور اسحق سولا پور وغیرہ بھی شامل تھے۔

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS