ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو0-5سے کلین سوئپ کیا

0

مائونٹ مونگانئی :تیز گیند باز جسپریت بمراہ(12رن دے کر3 وکٹ)کی شاندار گیند بازی کی بدولت ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو اتوار کو پانچویں اور آخری ٹی20 مقابلے میں 7 رن سے ہراکر 5 میچوں کی سیریز0-5 سے جیت کر کلین سوئپ کردیا ہے۔ہندستان کی ٹی20 کرکٹ تاریخ میں یہ پہلی 5 میچوں کی سیریز تھی اور اس نے پہلی ہی 5 میچوں کی سیریز 0-5 سے جیت لی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے گزشتہ برس آئی سی سی عالمی کپ کے سیمی فائنل مقابلے میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ملی شکست کا بدلا بھی لے لیا۔ ہندوستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے روہت شرما کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت 20اوور میں 163رن بنائے، جس کے جواب میں نیوزی لینڈ کی اننگز 20اوور میں 9وکٹ پر 156رن ہی بناسکی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے راس ٹیلر نے اپنے 100ویں بین الاقوامی ٹی20مقابلے میں شاندار کارکردگی کرتے ہوئے 47گیندوں میں 5 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 53رن بنائے اور وکٹ کیپر بلے باز ٹم سیفرٹ نے 30گیندوں میں 5 چوکے اور 3 چھکے لگاکر شاندار50رن بنائے اور اپنی ٹیم کو جیت دلانے کی بھر پور کوشش کی، لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔ ہندوستان کی جانب سے بمراہ نے4 اوور میں 12رن دے کر 3وکٹ ،نودیپ سینی نے 4 اوور میں 23رن اور شاردل ٹھاکرنے 4 اوور میں 38رن دے کر 2-2 وکٹ لیا۔ واشنگٹن سندر کو3 اورر میں 20رن دے کر ایک وکٹ ملا۔     
اس سے پہلے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے کپتان روہت شرما کے 41 گیندوں میں تین چوکے اور تین چھکے کی مدد سے 60 رن(ریٹائر)اور لوکیش راہل کے 33 گیندوں میں چار چوکوں اور دو چھکوں کے سہارے 45 رن کی مدد سے 20 اوور میں تین وکٹ پر 163 رنز بنائے ۔ روہت اگرچہ 60 رن کے اسکور پر ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے اور دوبارہ بلے بازی کرنے نہیں اتر سکے ۔ہندستانی سلامی جوڑی اگرچہ اس مقابلے میں حیرت انگیز کارکردگی نہیں دکھا سکی اور سنجو سیمسن محض دو رن کے اسکور پرا سکاٹ کگیلجن کی گیند پر مچل سیٹنر کو کیچ تھما بیٹھے ۔ پہلی وکٹ گرنے کے بعد روہت اور راہل نے ہندستانی اننگز کو سنبھالا اور دونوں کے درمیان دوسرے وکٹ کے لئے 88 رنز کی بڑی شراکت ہوئی۔ روہت نے اس دوران اپنے ٹی -20 کیریئر کی 21 ویں نصف سنچری لگائی۔ روہت نے اپنی اننگز میں 31 رن بنانے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی کیریئر میں 14000 رن پورے کر لئے ۔ روہت ایسا کرنے والے دنیا کے 43 ویں اور ہندستان کے آٹھویں بلے باز بن گئے ۔ہندستانی اننگز میں روہت اور راہل کے علاوہ شوم دوبے نے پانچ رنز بنائے جبکہ شریس ایئر نے 31 گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکے کے سہارے ناٹ آئوٹ 33 اور منیش پانڈے نے محض چار گیندوں میں ایک چوکا اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آئوٹ 11 رنز کا اہم کردار ادا کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کگیلجن نے چار اوور میں 25 رن دے کر دو وکٹ اور ھمش بینیٹ نے چار اوور میں 21 رن دے کر ایک وکٹ لیا۔ہدف کا تعاقب کرنے اتری نیوزی لینڈ کی شروعات انتہائی خراب رہی اور اس کے تین وکٹ محض 17 رن کے اسکور پر گر گئے ۔ ٹیم کے اوپنر مارٹن گپٹل کو بمراہ نے اپنے پہلے ہی اوور میں ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر نیوزی لینڈ کو پہلا جھٹکا دے دیا۔ اس کے بعد کولن منرو کو واشنگٹن سندر نے بولڈ کر پویلین بھیجا۔ کیوی ٹیم جب تک ان جھٹکوں سے نکل پاتی تب تک سنجو سیمسن نے ٹام بروس کو رن آئوٹ کر دیا۔ بروس بغیر کھاتہ کھولے آئوٹ ہوئے ۔ابتدائی جھٹکوں کے بعد تجربہ کار ٹیلر اور وکٹ کیپر بلے باز سیفرٹ نے نیوزی لینڈ کی اننگز کو سنبھالا۔ دونوں نے بہترین بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کی اننگز کو آگے بڑھایا۔ ٹیلر اور سیفرٹ کے درمیان چوتھے وکٹ کے لئے 99 رنز کی بڑی شراکت ہوئی۔ سیفرٹ اور ٹیلر نے شوم دوبے کے اوور میں تابڑ توڑ بلے بازی کی ان کے ایک اوور سے 34 رن حاصل کئے گئے ۔ دونوں بلے بازوں کی بہترین اننگز نے نیوزی لینڈ کو فتح کی جانب گامزن کر دیا تھا کہ تبھی سینی نے سیمسن کے ہاتھوں کیچ کراکر سیفرٹ کی اننگز کا خاتمہ کر دیا۔سیفرٹ کے آئوٹ ہوتے ہی نیوزی لینڈ کی اننگز ایک بار پھر لڑکھڑا گئی۔ ایک طرف جہاں میزبان ٹیم کے وکٹ گر رہے تھے وہیں دوسرے سرے سے ٹیلر ٹیم کو جیت دلانے کے لئے سخت محنت کرتے رہے ۔ اگرچہ سینی نے وکٹ کے پیچھے راہل کے ہاتھوں کیچ کراکر ٹیلر کی اننگز کا خاتمہ کر دیا اور میچ ہندستان کی جھولی میں ڈال دیا۔نیوزی لینڈ کی اننگز میں منرو نے 15، مچل سیٹنر نے چھ، گپٹل نے دو اور مشیل نے دو رنز بنائے جبکہ ایش سوڈھی 10 گیندوں میں دو چھکے کی مدد سے 16 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے ۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS