پونے، (یو این آئی): بجاج فن سرو اے ایم سی نے ”پے ود میوچوئل فنڈ”کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرایا ہے، جس کے ذریعے سرمایہ کار اپنی روزمرہ کی ضروریات کے لیے براہِ راست میوچوئل فنڈ سے ادائیگی کر سکتے ہیں۔
بجاج فن سرو کی مکمل ملکیت والی اس یونٹ نے بدھ کے روز ایک پریس ریلیز میں بتایا کہ اس فیچر کی مدد سے صارفین کو میوچوئل فنڈ کے زیادہ منافع اور یو پی آئی کی ادائیگی کی آسانی، دونوں کا فائدہ ایک ساتھ حاصل ہوگا۔ انہیں روزمرہ کے اخراجات کے لیے اپنے سیونگ یا کرنٹ اکاؤنٹ میں رقم رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وہ اس رقم کو میوچوئل فنڈ میں لگا کر زیادہ منافع حاصل کر سکتے ہیں اور ضرورت پڑنے پر اُسی رقم کو خرچ بھی کر سکتے ہیں۔ صارفین اپنے سرمایہ کا 90 فیصد تک (زیادہ سے زیادہ 50 ہزار روپے) نکال سکتے ہیں۔
اس فیچر کے لیے بجاج فن سرو اے ایم سی نے فن ٹیک پلیٹ فارم ”کیوری منی”کے ساتھ شراکت داری کی ہے۔ کمپنی نے بتایا کہ صارفین صرف ایک کیو آر کوڈ اسکین کر کے اور ادائیگی کی منظوری دے کر میوچوئل فنڈ سے رقم نکالنے کی درخواست خود بخود بیک گراؤنڈ میں فعال کر سکتے ہیں۔ اس سے یہ یقینی بنایا جاتا ہے کہ سرمایہ کار بغیر کسی رکاوٹ کے اپنے روزمرہ لین دین کے لیے یو پی آئی استعمال کر سکیں۔
بجاج فن سرو اے ایم سی کے منیجنگ ڈائریکٹر، گنیش موہن نے کہا،”اختراع ہمیشہ سے ہمارے سفر کا مرکزی نقطہ رہی ہے۔ اس لانچ کے ساتھ، ہم میوچوئل فنڈ میں سرمایہ کاری کی سادگی اور سہولت کو از سرِ نو متعین کرنے کی سمت میں ایک جرات مندانہ قدم اٹھا رہے ہیں۔ یہ یو پی آئی سے منسلک سہولت سرمایہ کاروں کو اپنی روزمرہ کی ضروریات کے لیے فوری رسائی برقرار رکھتے ہوئے اپنے پیسے کو فعال طور پر بڑھانے کے قابل بناتی ہے۔ روایتی سرمایہ کاری اور روزمرہ مالی انتظام کے درمیان فاصلے کو کم کر کے، ہم انہیں بہتر مالی فیصلے کرنے کے قابل بنا رہے ہیں۔”
جون 2023 میں اپنی پہلی اسکیم کے آغاز کے بعد سے، بجاج فن سرو اے ایم سی کا حجم اور دائرہ دونوں نمایاں طور پر بڑھے ہیں اور اس کا کل اثاثے (اے یو ایم) 28,814.16 کروڑ روپے (30 ستمبر 2025 تک) تک پہنچ گیا ہے۔