سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا سے قابل اعتراض ویڈیو ہٹانے کی درخواست پر نوٹس جاری کر دیا

0

نئی دہلی، (یو این آئی) : سپریم کورٹ نے سوشل میڈیا سے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی آسام شاخ کی طرف سے مبینہ طور پر پوسٹ کیے گئے ایک “قابل اعتراض” ویڈیو کو ہٹانے کی درخواست پر منگل کو نوٹس جاری کیا۔

جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا کی بنچ نے صحافی قربان علی اور سابق جج انجنا پرکاش کی طرف سے نفرت انگیز تقاریر سے متعلق زیر التوا رٹ درخواست پر غور کرنے کا فیصلہ کیا۔ویڈیو میں مبینہ طور پر کھلے عام مسلمانوں کو بدنام کیا گیا ہے۔

درخواست گزاروں کی نمائندگی کرنے والے ایڈوکیٹ نظام پاشا نے بنچ کے سامنے دلیل دی کہ انتخابات کے دوران پوسٹ کی گئی ویڈیو سے ظاہر ہوتا ہے کہ اگر کوئی خاص سیاسی جماعت اقتدار میں نہیں آتی ہے تو ایک مخصوص طبقہ اقتدار سنبھال لے گا۔بنچ نے کہا، “اس (ویڈیو) میں ٹوپیاں اور داڑھی پہنے ہوئے لوگ نظر آ رہے ہیں، ایسے معاملات میں سوموٹو ایف آئی آر درج کی جانی چاہیے، اگر ایسا نہیں کیا جاتا ہے، تو توہین کی کارروائی شروع کی جانی چاہیے۔”
درخواست میں ایکس انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ اور بی جے پی آسام پردیش کو سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر پوسٹ کی گئی ویڈیو کو ہٹانے کی ہدایت مانگ کی گئی ہے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ اس ویڈیو کو بڑی تعداد میں لوگوں نے دیکھا ہے لہذا فرقہ وارانہ انتشار، بدامنی اور دشمنی کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے اسے فوری طور پر ہٹانا ضروری ہے۔
درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس سال 15 ستمبر کو بی جے پی کی آسام یونٹ نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل “بی جے پی آسام پردیش” پر ایک ویڈیو گردش کی جس میں “ایک انتہائی غلط بیانیہ پیش کیا گیا ہے کہ اگر آسام میں بی جے پی اقتدار میں نہیں رہی تو مسلمان آسام پر قبضہ کر لیں گے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں موجودہ حکمران نظام میں تبدیلی کے نتائج کو دکھایا گیا ہے اور یہ دکھایا گیا ہے کہ مسلمان لوگ ( ٹوپیاں اور برقعے پہنے ہوئے) چائے کے باغات، گوہاٹی ہوائی اڈے اور گوہاٹی شہر پر قبضہ کر لیں گے۔

ایڈوکیٹ ظفیر احمد کے توسط سے دائر کی گئی درخواست میں دلیل دی گئی ہے کہ “حکمران حکومت، بی جے پی-آسام کو ملک کے آئین کی پاسداری کرنا لازمی ہے، اس لیے وہ آئین کے بنیادی ڈھانچے کا حصہ بننے والی سیکولر اقدار کو برقرار رکھنے کی پابند ہے۔

درخواست گزاروں نے کہا، “منصفانہ، انصاف پسند اور سیکولر ہونے کی ذمہ داری منتخب حکومت پر اس سے کہیں زیادہ ہے۔” درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس ویڈیو کو بی جے پی آسام کے آفیشل ایکس ہینڈل پر شیئر کیا گیا تھا اور 18 ستمبر 2025 تک اسے 6,100 بار دوبارہ پوسٹ کیا گیا تھا۔ اسے 19,000 بار لائیک کیا گیا تھا اور 4.6 ملین بار دیکھا گیا تھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS