لندن، 22 ستمبر (یو این آئی) برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد برطانیہ نے پہلی بار فلسطین کو اپنے سرکاری نقشوں میں شامل کرلیا ہے۔
خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی حکومت نے اپنی ویب سائٹ پر نقشوں کو اپ ڈیٹ کردیا ہے، جن میں پہلے “مقبوضہ فلسطینی علاقوں” کا ذکر تھا، اب اس کی جگہ “فلسطین” کا نام درج کیا گیا ہے۔
یہ اقدام برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد سامنے آیا ہے، جبکہ کینیڈا اور آسٹریلیا نے بھی فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق فلسطین کو خود مختار ریاست تسلیم کرنے کے بعد وزارتِ خارجہ کی متعدد ویب سائٹ صفحات میں “فلسطینی مقبوضہ علاقے” کی جگہ “فلسطین” کا نام درج کر دیا گیا۔
ان تبدیلیوں میں وہ صفحات بھی شامل ہیں جن میں اسرائیل اور فلسطین سے متعلق سفری ہدایات، وزارتِ خارجہ کے غیرملکی دفاتر کی فہرست اور خطے کا نقشہ شامل ہے۔
واضح رہے کہ اتوار کے روز وزیراعظم اسٹارمر نے اعلان کیا کہ برطانیہ نے فلسطین کی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کر لیا ہے، انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ “مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی ہولناکی کے پیش نظر، ہم امن کے امکان اور دو ریاستی حل کو برقرار رکھنے کے لیے کام کر رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا “حماس کا کوئی مستقبل نہیں ہو سکتا، نہ اسے حکومت میں کوئی کردار ملے گا اور نہ ہی فلسطینی ریاست میں سیکیورٹی کے حوالے سے کوئی کردار ادا کرنے کی اجازت ہوگی۔”
یاد رہے کہ برطانیہ اب کینیڈا اور آسٹریلیا کے بعد جی 7 کا تیسرا ملک ہے جس نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا ہے، یہ اقدام اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں کے موقع پر ہونے والی ایک کانفرنس سے قبل سامنے آیا ہے جس کی مشترکہ صدارت سعودی عرب اور فرانس کریں گے، جہاں فرانس کی قیادت میں کئی ممالک فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کرنے والے ہیں۔
⚡️ The British government has updated the official maps: instead of "West Bank" – "Palestine". pic.twitter.com/EpAXd7Pcm2
— Middle East Observer (@ME_Observer_) September 21, 2025