گلوکار عدنان سامی کو پدم شری ایوارڈ ملنے کے بعد وہ سرخیوں میں ہیں۔ کانگریس کے بیان کے بعد عدنان سامی نے بھی اپنا موقف ظاہر کیا ہے۔ عدنان نے کہا ہے کہ باپ کے اعمال کے لئے بیٹے کو کس طرح ذمہ دار ٹھہرایا جاسکتا ہے۔ عدنان نے کانگریس کے ترجمان جےویر شیرگل کو سخت الفاظ میں جواب دیتے ہوئے کہا’کیا آپ نے کلیئرنس سیل یا سیکنڈ ہینڈ ناویلٹی اسٹور سے اپنا دماغ خریدا ہے؟ کیا برکلے میں یہی پڑھایا گیا تھا کہ بیٹے کو اس کے والدین کے اعمال کی وجہ سے جوابدہ ٹھرانا چاہئے یا سزا دی جانی چاہئے۔ آپ ایک وکیل ہیں، کیا یہ آپ نے لاء اسکول میں یہی سیکھا ہے؟
عدنان سامی کو پدما شری دیئے جانے پر کانگریس لیڈر جےویر شیرگل نے طنزیہ انداز میں کہا تھا کہ اب یہ نیا معمول بن گیا ہے، بی جے پی سرکار کی چمچہ گری اعزاز حاصل کرنے کا ذریعہ بن گیا ہے۔ شیرگل نے ایک ویڈیو جاری کی، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے خلاف کارگل جنگ لڑنے والے ہندوستانی فوج کے ہیرو اور بھارت ماتا کے بیٹے محمد ثناء اللہ کو این آر سی کے ذریعے درانداز قرار دیا گیا۔ دوسری طرف عدنان سامی کو پدم شری سے نوازا گیا، جس کے والد پاکستانی فضائیہ میں افسر تھے اور جنھوں نے ہندوستان کے خلاف فائرنگ کی تھی۔
والدین کے اعمال کی سزا بچوں کو نہیں دی جا سکتی: عدنان سامی
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS