سپریم کورٹ کا دہلی میں این ایس اے لگائے جانے کے خلاف عرضی کی سماعت سے انکار

0

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے دہلی میں قومی سلامتی قانون (این ایس اے) کےنفاذ کرنے کے حکومت کے فیصلے کے خلاف دائر عرضی پر سماعت سے جمعہ کو انکار کردیا۔ جسٹس ارون مشرا اور جسٹس اندرا بنرجی کی بنچ نے عرضی گذار منوہر لال شرما کی عرضی کی سماعت سے انکار کردیا ہے۔ جسٹس مشرا نے کہا کہ ’یہ قانون وانصرام کا معاملہ ہے اور ہم دہلی میں نفاذ قومی سلامتی قانون کو ہٹانے کے سلسلے میں حکومت کو کسی طرح کا حکم نہیں دے سکتے  ہیں۔‘اسی مہینے دہلی کے لفٹننٹ گورنر انل بیجل کی جانب سے ایک نوٹی فیکیشن جاری کیا تھا۔ اور قومی سلامتی قانون کے تحت دہلی پولیس کمشنر کو کسی بھی شخص کو حراست میں لینے کا اختیار دے دیا تھا۔ قومی سلامتی قانون کے تحت جس شخص کو قومی سلامتی اور قانون وانصرام کے لئے خطرہ محسوس کیا جاتا ہے، انتظامیہ ایسے شخص کو احتیاطاً مہینوں تک حراست میں رکھ سکتے ہیں۔ دہلی کے لفٹننٹ گورنر نے 19 جنوری سے 18 اپریل تک اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے قومی سلامتی قانون 1980 کی دفعہ تین کی ذیلی دفعہ (3) کو دہلی میں نفاذ کردیاتھا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS