ٹوکیو، (یو این آئی) : جاپانی اخبار نے حکومتی ذرائع سے دعویٰ کیا ہے کہ جاپان فی الحال فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے حق میں نہیں ہے۔
بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق جاپانی وزیراعظم یو این کے فلسطین سے متعلق اجلاس میں شریک نہیں ہوں گے۔ فلسطین کو تسلیم نہ کرنے کاجاپان کا موقف امریکہ اور اسرائیل کے قریب ہے۔
واضح رہے کہ فرانس، برطانیہ، کینیڈا، لکسمبرگ، بیلجیئم اور آسٹریلیا سمیت کئی ممالک نے کہا ہے کہ وہ اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
دوسری جانب یورپی ملک لگزمبرگ نے اگلے ہفتے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
لگزمبرگ کے وزیرِ خارجہ نے بھی اپنے حالیہ بیان میں اس فیصلے کو مثبت اور ضروری اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا اسرائیل کے خلاف قدم نہیں بلکہ خطے میں امن قائم کرنے کی ایک کوشش ہے۔
خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ لگزمبرگ کا یہ فیصلہ یورپی یونین کے اندر فلسطین کے حق میں سفارتی دباؤ کو مزید تقویت دے گا۔
واضح رہے کہ امریکی وزیرخارجہ نے اتحادی ممالک کو فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے پر تنبیہ کی تھی۔
وزیرخارجہ مارکو روبیو نے خبردار کیا تھا کہ فلسطینی ریاست تسلیم کرنے کا فیصلہ بڑے مسائل پیدا کرے گا یہ راستہ آگے بڑھنے کا نہیں اس سے جنگ بندی مشکل ہو جائے گی۔