نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخاب کی تاریخوں کے اعلان کے ساتھ ہی بی جے پی، کانگریس اور عام آدمی پارٹی کے درمیان سیاسی بیان بازیاں زور پکڑ چکی ہیں۔ دہلی سے رکن پارلیمنٹ میناکشی لیکھی نے پریس کانفرنس میں کیجریوال حکومت پر سخت تنقید کی۔ انہوں نے کہاکہ کیجریوال حکومت نے اگر پانچ سالوں میں کام کیا ہے تو پریشان کیوں ہے۔ انہوں نے کہاکہ جھوٹ کے پیر نہیں ہوتے اور اسی طریقے سے کیجریوال حکومت جمی ہوئی ہے۔ حکومت میں آتے ہی ان کے ساتھیوں کے دور ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ یوگیندر یادو، پرشانت بھوشن، اشیش کھیتان، ڈاکٹر کمار وشواس، پروفیسر آنند کمار، کرن بیدی،شاذیہ علمی، کپل مشرا، انل واجپئی اور وید پرکاش وغیرہ نے ان کا ساتھ چھوڑدیا ہے۔ یہ وہ نام ہیں جنہوں نے عام آدمی پارٹی بنانے میں اہم کردار ادا کیا تھا، لیکن اقتدار میں آنے کے بعد کیجریوال نے انہیں ہی پارٹی چھوڑنے پر مجبور کردیا۔ جو حکومت اپنے ہی پارٹی کے لوگوں کو نہیں سنبھال سکی وہ دہلی کے لوگوں کو کس طریقے سے سنبھال سکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ دہلی سرکار نے پانچ برسوں میں کوئی کام نہیں کیا ہے۔ اس لیے اشتہارات کے ذریعہ خود کو چمکا رہے ہیں۔ ایم سی ڈی اور لوک سبھا انتخاب سے ثابت ہوچکا ہے کہ دہلی والے کیجریوال کو پسند نہیں کرتے اور دہلی اسمبلی انتخاب میں بھی ایسا ہی ہونے والا ہے۔
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS