عمان کے سلطان قابوس بن سعید کا جمعہ کو دیر شام انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال سے عمان میں غم کا ماحول دیکھا جا رہا ہے اور تین دنوں تک قومی غم منانے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ ان تین دنوں تک عمان میں تعطیل رہے گی اور پرائیویٹ و سرکاری دفاتر نہیں کھلیں گے۔ 79 سالہ قابوس 1970 میں عمان پر حاکم ہوئے تھے اور انھوں نے برطانیہ کی مدد سے تختہ پلٹ کیا تھا۔
سلطان قابوس 1970 سے مسلسل اس عہدے پر برقرار تھے۔ سلطان کے دفتر کی اطلاعات کے مطابق ان کا طویل علالت کے بعد انتقال ہو گیا۔ ان کے انتقال پر رائل کورٹ کے دیوان نے مرحوم کے انتقال پر تعزیتی پیغام جاری کیا۔تعزیتی پیغام میں کہا گیا کہ ’’14 ویں جمادى الاول سلطان قابوس بن سعید کا جمعہ کی شب انتقال ہو گیا۔ گزشتہ 50 برسوں میں ایک وسیع نشاۃ ثانیہ کے قیام کے بعد سے انہوں نے 23 جولائی 1970 کو اقتدار سنبھالا تھا۔ اس نشاۃ ثانیہ کے نتیجے میں ایک متوازن خارجہ پالیسی عمل میں آئی جسے پوری دنیا نے احترام کے ساتھ سراہا‘‘۔
قابوس بن سعید کے انتقال کی خبر کے بعد ہندوستان کے وزیر اعظم نریندر مودی نے اظہارِ غم کیا ہے۔ انہوں نے ٹوئٹ کے ذریعہ انھیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’سلطان قابوس بن سعید کے انتقال کے بارے میں جان کر مجھے گہرا غم ہوا ہے۔ وہ ایک دوراندیش اور سیاسی لیڈر تھے جنہوں نے عمان کو ایک جدید اور خوشحال ملک میں بدل دیا۔ وہ ہمارے علاقے اور دنیا کے لیے امن کی علامت تھے۔‘‘