نئی دہلی، (یو این آئی) : سپریم کورٹ نے مرکزی حکومت کی طرف سے نئے متعارف شدہ ڈیجیٹل فریم ورک کے تحت موروثی وقف املاک سمیت تمام اوقاف کے لازمی رجسٹریشن کو چیلنج کرنے والی عبوری عرضی پر فوری سماعت سے آج انکار کر دیا۔
چیف جسٹس بی آر گوائی کی سربراہی والی بنچ نے عرضی گزار کے وکیل کو یاد دلایا کہ وقف کیس میں عبوری احکامات پہلے ہی 22 مئی کو محفوظ کر لیے گئے تھے اور کہا کہ اس مرحلے پر کسی نئی درخواست پر غور نہیں کیا جا سکتا ہے۔
اس عرضی کا تذکرہ مرکز کی جانب سے 6 جون کو یونیفائیڈ وقف منیجمنٹ، امپاورمنٹ، ایفیشینسی اینڈ ڈیولپمنٹ (یو ایم ای ای ڈی) نامی سنٹرل پورٹل کے آغاز کے پس منظر میں کیا گیا تھا۔
پورٹل پر تمام وقف املاک کو جیو ٹیگ کرنے کے بعد ان کی ڈیجیٹل انوینٹری بنانے کا التزام ہے اور تمام رجسٹرڈ وقف املاک کی تفصیلات چھ ماہ کے اندر اپ لوڈ کرنا ضروری ہے۔
عدالت کے سامنے پیش ہونے والے وکیل نے عرض کیا کہ پورٹل میں “موروثی وقف املاک سمیت تمام اوقاف کا لازمی رجسٹریشن مکمل کرنا ضروری ہے۔” انہوں نے دلیل دیتے ہوئے کہا کہ عملی طور پر، موروثی اوقاف کو رجسٹر نہیں کیا جا سکتا ہے۔
وکیل نے کہا کہ اس سلسلے میں ہدایت کے لیے عبوری درخواست دائر کی گئی تھی لیکن رجسٹری نے اسے اس بنیاد پر قبول کرنے سے انکار کر دیا کہ اس معاملے میں فیصلہ پہلے ہی محفوظ رکھا جاچکا ہے۔
ان گزارشات کا جواب دیتے ہوئے، چیف جسٹس نے کہا، “ہم نے پہلے ہی اس معاملے میں حکم محفوظ رکھ لیا ہے۔ بنچ نے کہا کہ رجسٹریشن میں مشکلات کے پہلو کو بعد میں نمٹایا جا سکتا ہے۔ عدالت عظمی نے تبصرہ کیا کہ “آپ اسے رجسٹر کریں… کوئی بھی آپ کو رجسٹریشن سے انکار نہیں کر رہا ہے”۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے وقف (ترمیمی) ایکٹ 2025 سے پیدا ہونے والے تین اہم سوالات پر 22 مئی کو اپنا فیصلہ محفوظ رکھ لیا تھا۔
مرکز نے قانون اور امید پورٹل کا پرزور دفاع کرتے ہوئے یہ دعویٰ کیا ہے کہ وقف اپنی نوعیت کے لحاظ سے “سیکولر تصور” ہے اور اس کو ختم نہیں کیا جا سکتا ہے۔
سپریم کورٹ کے اپنے عبوری حکم کو محفوظ رکھنے کے پیش نظر، چھ ماہ کی رجسٹریشن ونڈو کی تعمیل کا معاملہ اب عدالت کی حتمی ہدایات پر منحصر ہوگا۔