خلا باز سبھانشو شکلا آئی ایس ایس سے زمین پر واپس لوٹے

0

نئی دہلی، (یو این آئی): بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) پر جانے والے ہندوستان کے پہلے خلاباز شبھانشو شکلا اے ایکس-4 مشن کے اپنے تین دیگر ساتھیوں کے ساتھ منگل کے روز بحفاظت زمین پر واپس لوٹ آئے۔

اسپیس ایکس کا ڈریگن خلائی جہاز ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہر تین بجے سمندر میں اترا۔ گروپ کیپٹن شکلا اور ان کے ساتھی خلابازوں نے آئی ایس ایس پر 18 دن گزارے۔ اس دوران انہوں نے متعدد سائنسی تحقیقات کی ہیں۔

چار خلابازوں کو لے جانے والا خلائی جہاز پیر کے روز ہندوستانی وقت کے مطابق سہ پہر 4:35 بجے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن سے روانہ ہوا۔ بائیس گھنٹے سے زائد کے سفر کے بعد خلائی جہاز امریکہ میں کیلیفورنیا کے ساحل کے نزدیک سمندر میں اتر گیا۔

وزیر اعظم نریندر مودی نے اس کامیابی پر تمام ہم وطنوں کی طرف سے شبھانشو شکلا کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے اسے ملک کے پہلے انسانی خلائی مشن گگن یان کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا ہے۔
آئی ایس ایس کا دورہ کرنے والے پہلے ہندوستانی خلاباز شبھانشو شکلا نے بطور پائلٹ اس مشن میں شمولیت اختیار کی۔ وہاں انہوں نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر متعدد تحقیقی مشن انجام دیے جن میں اسرو کا تیار کردہ مشن بھی شامل ہے۔

شبھانشو شکلا ہندوستانی فضائیہ میں ٹیسٹ پائلٹ رہے ہیں اور وہ ملک کے پہلے انسانی خلائی مشن ‘گگن یان’ کے لیے ممکنہ منتخب عملے میں بھی شامل ہیں۔ وہ اس عملہ کا واحد رکن بن گئے ہيں جسے اب خلائی سفر کا تجربہ حاصل ہے ۔

اے ایکس-4 مشن 25 جون کو لانچ کیا گیا تھا اور یہ 26 جون کو آئی ایس ایس پر پہنچا تھا۔
گروپ کیپٹن شبھانشو شکلا مسٹر راکیش شرما کے 41 سال بعد خلا میں جانے والے دوسرے ہندوستانی اور آئی ایس ایس پر قیام کرنے والے پہلے ہندوستانی خلا باز ہیں۔ اس سے قبل ہند نژاد امریکی شہری کلپنا چاولہ اور سنیتا ولیمز بھی ناسا کے مشن میں آئی ایس ایس پر جاچکی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS