ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہوئے بائبل پر ہاتھ کیوں نہیں رکھا؟ لوگ حیران

0

واشنگٹن (ایجنسیاں):

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے47 ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے موقع پر بائبل پر ہاتھ نہیں رکھا، یہ منظر دیکھ کر ہر کوئی حیران رہ گیا۔

غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے عہدہ صدارت کا حلف اٹھایا، جس کے بعد وہ امریکا کے 47 ویں صدر کے منصب پر فائز ہوگئے۔

صدر ٹرمپ سے امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے عہدے کا حلف لیا، حیران کن طور پر ٹرمپ نے صدارت کا حلف اٹھانے کے دوران بائبل پر ہاتھ نہیں رکھا۔
میلانیا ٹرمپ صدر کے ساتھ کھڑی تھیں، جنہوں نے 2 بائبلز تھام رکھی تھیں، مگر ٹرمپ نے حلف لیتے وقت اپنا سیدھا ہاتھ بلند کئے رکھا، مگر بائبل کو ہاتھ نہیں لگایا۔

امریکی صدر کے لیے بائبل پر ہاتھ رکھنا قانونی طور پر ضروری نہیں ہے مگر روایت کے تحت صدر عہدے کا حلف لیتے ہوئے ایک ہاتھ بائبل پر رکھ لیتا ہے۔ ٹرمپ کے اس غیرمتوقع اقدام سے ہر کوئی حیرت زدہ ہوگیا۔

رپورٹس کے مطابق 20 جنوری 2017 کو اپنے پہلے دورہ صدارت کی حلف برداری کے دوران ٹرمپ نے دائیں ہاتھ کو 2 بائبلز پر رکھا ہوا تھا۔

دوسری جانب ٹرمپ نے حلف اٹھاتے ہی بڑے حکم نامے جاری کردیئے ہیں ساتھ ہی انہوں نے اپنے سیاسی مخالفین سے انتقام نہ لینے کا اعلان بھی کردیا ہے۔

ٹرمپ کا تقریب حلف برداری کے بعد اپنے افتتاحی خطاب میں کہنا تھا کہ اپنے دور میں امریکا پہلے رکھوں گا، اب امریکا ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ امریکا بہت جلد مضبوط، عظیم اور پہلے سے کہیں زیادہ کامیاب ملک بنے گا۔

انہوں نے ملک بھر سے حکومتی سنسرشپ ختم کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ رنگ اور نسل کی بنیاد پر امتیاز کو ختم کردیا جائے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS