کانگریس جنرل سیکریٹری پرینکا گاندھی کو پولیس نے اسکوٹر پر بنا ہیلمیٹ سوار دیکھا اور اسکوٹر کا چالان بھی کیا۔ پرینکا گاندھی اس وقت کانگریس لیڈر دھیرج گجر کے ساتھ سابق آی پی ایس افسر ایس آر داراپوری کی رہائش گاہ پر جا رہی تھیں۔
یہ اسکوٹر راجدیپ سنگھ نامی ایک شخص کا تھا، جس کے خلاف ایک چالان جاری کیا گیا۔ راجدیپ سنگھ کا اسکوٹر کانگریس لیڈر دھیرج گجر استعمال کر رہے تھے۔اس دوران دھیرج اور پرینکا گاندھی دونوں کو بنا ہیلمیٹ دیکھا گیا۔
راج دیپ سنگھ نے میڈیا کو بتایا کہ ’میں پولی ٹیکنک کراسنگ کی طرف جارہا تھا جب میں نے پرینکا اور دھیرج گجر کو دیکھا، دھیرج نے مجھ سے اسکوٹر کے لئے درخواست کی کیونکہ پرینکا کا تعلق اتنے بڑے گھرانے سے ہے، اس لئے میں نے انہیں اپنی گاڑی دینے سے انکار نہیں کرسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’دسمبر29 کو مجھے چالان کے بارے میں معلوم ہوا۔ چالان کی رقم 6،300 روپے تھی۔ میں خود چالان کی رقم ادا کروں گا۔ میں چالان کی رقم پریانکا یا کانگریس سے نہیں لے سکتا‘