اے آر رحمٰن کی اہلیہ کا 29 سال بعد شوہر سے علیحدگی کا اعلان

0

’آسکر‘ اور گریمی ایوارڈ یافتہ اے آر رحمٰن کی اہلیہ سائرہ بانو نے شادی کے 29 سال بعد علیحدگی کا اعلان کردیا۔

اے آر رحمٰن اور سائرہ بانو کی شادی 1995 میں ہوئی تھی، ان کے تین بچے ہیں جن کا نام خدیجہ، رحیمہ اور امین ہے۔

سائرہ بانو کی وکیل وندنا شاہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ “کئی سالوں کی شادی کے بعد سائرہ نے اپنے شوہر اے آر رحمان سے علیحدگی کا مشکل فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ ان کے تعلقات میں جذباتی دباؤ کے باعث لیا گیا ہے۔”

بیان میں کہا گیا کہ “ایک دوسرے سے گہری محبت کے باوجود اس رشتے میں پیدا ہونے والے تناؤ اور مشکلات نے ایک ناقابل عبور خلیج پیدا کر دی ہے، جسے اس وقت دونوں فریقین ختم کرنے سے قاصر ہیں۔”

سائرہ بانو نے اپنے جذباتی حالات کا ذکر کرتے ہوئے عوام سے رازداری کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ “یہ فیصلہ تکلیف اور اذیت کے عالم میں لیا گیا ہے۔ میں عوام سے درخواست کرتی ہوں کہ وہ میرے اس مشکل دور میں سمجھداری کا مظاہرہ کریں اور ہمیں سکون سے رہنے دیں۔”

ان کے بیٹے امین نے سماجی ویب سائٹ انسٹاگرام پر اپنی اسٹوری میں لکھا کہ’ ہم تمام لوگوں سے اس وقت ہماری پرائیویسی کا خیال رکھنے کی درخواست کرتے ہیں۔’

خیال رہےکہ ’آسکر‘ ایوارڈ یافتہ بھارتی موسیقار اللہ رکھا المعروف اے آر رحمٰن بھارتی ریاست تامل ناڈو میں پیدا ہوئے تھے، ہندو خاندان میں پیدا ہونے والے موسیقار اور ان کے والدین نے بعد میں اسلام قبول کیا تھا۔

اے آر رحمٰن نے کم از کم عالمی معیار کے 100 گانوں کی موسیقی ترتیب دے رکھی ہے۔

اے آر رحمان کا ردعمل:

اے آر رحمان کےایکس اکاؤنٹ سےپیغام جاری کیا گیاجس میں لکھا تھا ‘ہم نےشادی کے 30 برس تک پہنچنے کی امید کی تھی لیکن دنیا میں ہرچیزکا اختتام ہےجو کسی نےنہیں دیکھا،ٹوٹے ہوئے دلوں کے بوجھ سے خدا کا تخت بھی کانپ سکتا ہے’،’اس مشکل وقت سے گزرنے کی کوشش کررہے ہیں،بکھرے ہوئے ٹکڑے واپس جڑ نہیں سکتے،ہم اپنے دوست احباب کا شکریہ اداکرتےہیں جنہوں نے نیک خواہشات کا اظہار اور ہم سے ہمدردی کی اور ہماری پرائیویسی کا خیال رکھا’

اے آر رحمان اور سائرہ کی ارینج میرج ہوئی تھی، موسیقار نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی والدہ نے سائرہ سے شادی کرائی تھی۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS