لکھنئو :اترپردیش کی راجدھانی لکھنئو میں سابق وزیراعظم اٹل بہاری واجپئی کی مورتی کی نقاب کشائی اوراٹل میڈیکل یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزیراعظم نرےندر مودی نے کہا کہ ہمیں لگاتار چیلنجز مل رہے ہیں اور ہم نے چیلنجز کو چیلنج دینے کا عزم مصمم کررکھا ہے۔ہم نئے سال میں بھی اسی یقین کے ساتھ داخل ہورہے ہیں۔یوپی لوک بھون میں سابق وزیراعظم کی 25فٹ اونچی مورتی کی نقاب کشائی کرنے کے بعد وزیر اعظم نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر اعظم کی کانسے کی یہ مورتی ہمیں ان کے نظریات اور اقدار کی ہمیشہ یاد دلائے گی۔ آنجہانی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ سابق وزیر اعظم کہا کرتے تھے کہ ہم زندگی کو ٹکڑوں میں نہیں دیکھ سکتے، ہمیں اسے مجموعی طورپر دیکھنا ہوگا۔وزیر اعظم نے کہا کہ مستقبل میں ہمارا تجزیہ2 نکات پر ہوگا۔ ایک یہ کہ وراثت میں ملے مسائل کو ہم نے کیسے حل کیا اور ملک کی ترقی کی کوششوں میں ہم نے کتنی مضبوط بنیادرکھی ہے۔ ہمیں اپنے حقوق اور ذمہ داری دونوں کو ایک ساتھ یاد رکھنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ بنیادی سہولیا ت کی دستیابی، جہاں ہمارا حق ہے تووہیں اس کا تحفظ ہماری ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2014 آرٹیکل 370 کو وراثت میں ملا بڑا مسئلہ قرار دیتے ہوئے مودی نے کہا کہ ہم نے کشمیر سے 370 ہٹایا اور کافی اچھے طریقے سے اٹھایا۔ انہوں نے شہریت (ترمیمی)قانون پر بولتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں کو لمبے عرصے سے ہندوستان کی شہریت نہیں ملی تھی اور وہ کافی پریشان تھے، ہم نے ان کو شہریت دینے کا کام کیا ہے۔
اپنے خطاب میں آیوش مان بھارت اسکیم کا خصوصی تذکرہ کرتے ہوئے وزیر اعظم نے اسے دنیا کی سب سے بڑی اسکیم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس اسکیم سے اس وقت 70 لاکھ افراد مستفید ہوچکے ہیں۔ ابھی تک غریبوں کو جب مہلک بیماری لاحق ہوتی تھی تو وہ موت کا انتظار کرنا زیادہ بہتر سمجھتے تھے، کیونکہ وہ اپنے کنبے کو قرض کے بوجھ تلے دبانا نہیں چاہتے تھے، لیکن آیوش مان اسکیم سے انہیں نئی زندگی ملی ہے۔ اسکیم کے تعلق سے یوپی حکومت کی سنجیدگی اور بہتر طریقے سے عمل آوری کےلئے تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صرف یوپی میں اب تک تقریباً 11لاکھ افراد اس اسکیم سے مستفید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 5 سالوںمیں بڑی تعداد میں میڈیکل سیٹوں میں اضافہ کیا گیا ہے اور تقریباً 75نئے میڈیکل کالجوں کو منظوری دی گئی ہے۔ساتھ ہی انہوں نے اپنی حکومت کی کئی حصولیابیوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کےلئے پریونٹیو ہیلتھ کیئر پر کام کرنا حکومت کا روڈ میپ ہے۔ہر شہری کو بہتر سے بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کے مقصد سے اس شعبے کےلئے ضروری ہراقدام حکومت کررہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت کےلئے بہترین حکمرانی کا مطلب ہے کہ شنوائی سب کی ہو،سہولت ہر شہری تک پہنچے، موقع ہر ہندوستانی کو ملے ،ہر شہری کو سیکورٹی کا احساس ہو۔ اترپردیش میں شہریت (ترمیمی)قانون کے خلاف ہونے والے احتجاج میں تشدد پھوٹ پڑنے کا تذکرہ کرتے ہوئے مودی نے کہا کہ احتجاج کے دوران تشدد پر آمادہ افراد کو سوچنا چاہئے کہ کیا ان کا یہ طریقہ صحیح ہے۔انہوں نے کہا کہ میںنے ان مظاہرین سے امن وامان کو قائم رکھنے کی اپیل کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اچھی سڑکیں،سہولیات اور صاف سیوریج نظام کا ایک شہری کا حق ہے تو انہیں صحیح ڈھنگ سے رکھنا، ان کی ذمہ داری ہے۔ہم اپنی ذمہ داری کا اظہار کریں۔ اپنے مقاصد کو حاصل کریں ،بہتر حکمرانی کے دن پر ہمارا عزم ہونا چاہئے۔ یہ عوام کی توقعات ہیں اوریہی اٹل کی بھی سوچ تھی۔
اس سے قبل لوک بھون میں وزیر اعظم نریندر مودی کا استقبال کرتے ہوئے لکھنئو کے رکن پارلیمان و وزیر دفاع راجناتھ سنگھ نے کہا کہ میں اپنے آپ کو خوش قسمت مانتا ہوں کہ جہاں سے اٹل جی منتخب ہوکر پارلیمنٹ پہنچے تھے، مجھے اس حلقے میں کام کرنے کا موقع ملا ہے ۔اٹل جی سے منسلک یادگاریں آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہیں۔ لوک بھون پہنچے وزیر اعظم نریندر مودی کا ریاست کی گورنر آنندی بین پٹیل،وزیر دفاع راجناتھ سنگھ ،وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ ،اسمبلی اسپیکر ہردے نارائن دکشت،نائب وزیر اعلیٰ کیشوپرساد موریہ و دنیش شرما نے استقبال کیا۔
ہم نے چنوتیوں کو چنوتی دینے کا عزم کیا ہے
سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔
Click 👉 https://bit.ly/followRRS