اترپردیش کے حالات کشیدہ، کانپور میں 21 ہزار لوگوں کے خلاف معاملہ درج

    0

    اتر پردیش کے مختلف شہروں میں محکمہ پولیس کا قہر جاری ہے۔ پولیس کے مطابق  کانپور شہر کے حالات معمول پر آرہے ہیں، لیکن تلخ حقائق یہ ہیں کہ گزشتہ چھ دنوں سے انٹرنیٹ خدمات بند ہیں اور تازہ اطلاعات کے مطابق 15 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں، جس میں 21 ہزار سے زیادہ لوگوں کے خلاف کیس درج کیے گئے ہیں۔ واضح رہے گزشتہ ہفتہ کانپور میں مظاہروں کے دوران تشدد ہوا تھا۔ نیوز ایجنسی سے بات کرتے ہوئے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کانپوراننت دیو نے کہا ’’ 21,500 افراد کے خلاف کم از کم 15 ایف آئی آر درج کی گئی ہیں اور ابھی تک 13 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے، جس میں 12 افراد بیکن گنج اور ایک شخص کو بلہور علاقہ سے گرفتار کیا گیا ہے۔‘‘ ایف آئی آر کی تفصیلات کے مطابق پانچ ہزار افراد کے خلاف ببو پوروا میں کیس درج کیا گیا ہے، چار ہزار افراد کے خلاف یتیم گنج میں کیس درج کیا گیا ہے۔ کوتوالی تھانہ میں ایک ہزار افراد کے خلاف کیس درج ہوا، پیل کھانہ پولیس نے پانچ ہزار افراد کے خلاف کیس درج کیا، دو ہزار افراد کے خلاف کرنیل گنج، ساڑھے تین سو چکھری تھانہ اور سو سے زیادہ لوگوں کے خلاف گوال ٹولی تھانہ میں کیس درج ہوا۔ جن افراد کے خلاف کیس درج ہوئے ہیں ان میں اکثریت کے خلاف تشدد میں حصہ لینے کے لئے کیس درج کیے گئے،جبکہ کچھ لوگوں کے خلاف دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے لئے بھی کیس درج کیا گیا ہے۔ ضلع میجسٹریٹ وجے وشواس پنت نے ایجنسی کو بتایا ’’صورتحال معمول پر واپس آرہی ہے اور مارکیٹ بھی کھل رہے ہیں۔ ہم حالات پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور انٹرنیٹ خدمات بحال کرنے کے بارے میں بھی غور کر رہے ہیں۔‘‘

    سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS