خصوصی رپورٹ
ریاض، (ایس این بی)
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے نوجوان تیز رفتار گیند بازعمران ملک نے سعودی عرب میں کرکٹ کے مستقبل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب میں کرکٹ کا مستقبل تابناک ہے۔ کرکٹر عمران ملک ان دنوں سعودی عرب کے دار الحکومت ریاض میں سعودی عرب کی میڈیا وزارت کے زیر اہتمام منعقد ہ ’ گلوبل ہارمونی پہل‘ پروگرام میں صحافیوں سے روبرو تھے۔
انہوں نے افغانستان اور سعودی عرب کی کرکٹ ٹیموں کا موازنہ کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کرکٹ ٹیم کی بین الاقوامی کا رکردگی کافی شاندار ہے اس لئے کہ وہ کئی سال سے محنت کررہی ہے۔ جہاں تک سعودی عرب کی بات ہے تو سعودی عرب کی کرکٹ ٹیم کا مستقبل بھی کافی تابناک ہے ۔اگر سعودی عرب کے نوجوان کھلاڑی محنت کریں گے ، اس کے پاس اچھے گراﺅنڈس ہوں گے اور ایکسپوژر اچھا ہوگا۔ سیٹ اپ ،ٹیلینٹ اور لوجسٹک کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی ٹیم میں ایکسپوژر کی کمی ہے ،ٹیم کے کھلاڑیوں میں ٹیلینٹ کافی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہاں کرکٹ نہیں ہے،جب سعودی کی کرکٹ ٹیم ہوگی تو اسے یہاں ایکسپوژر ملے گا اور یہ بہت اچھا رہے گا۔ واضح رہے کہ دار الحکومت ریاض میں اتوار کوسعودی عرب کی میڈیا وزارت کی جانب سے ویژن 2030 کے اہداف کے حصول کےلئے ’گلوبل ہارمونی‘ پہل کے تحت پروگراموں کا آغاز کیا گےا ہے ۔اس پروگرام میں مختلف ہندوستانی فنکاروں نے اپنے فنون کا شاندار مظاہرہ کیا۔ سعودی عرب کی سر زمین پر یہ منفرد قسم کا رنگا رنگ پروگرام ہے۔ اس پروگرام کی پہل کا مقصد مملکت سعودی عرب کے ویژن کو حاصل کرنا ہے اور مملکت میں رہائیشیوں کی متنوع زندگی کو اجاگر کرنا ہے ۔