پیلی بھیت (یواین آئی): بھارتیہ جنتا پارٹی(بی جے پی) کے موجودہ ایم پی ورون گاندھی نے لوک سبھا الیکشن میں ٹکٹ کٹنے کے بعد پیلی بھیت کے لوگوں کو خط لکھ کر ان کے تئیں اپنی یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔
گاندھی کے وائرل خط کا حلقے میں کافی ذکر ہے ۔ لکھے گئے خط میں جذباتیت اور اپنائیت کا ذکر کیا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا ‘آج جب میں یہ خط لکھ رہا ہوں تو لامحدود یادوں نے مجھے جذباتی کردیا ہے۔ مجھے تو تین سال کا چھوٹا سا بچہ یاد آرہا ہے جو اپنی ماں کی انگلی پکڑ کر 1983 میں پہلی بار پیلی بھیت آیا تھا۔ اسے کہاں پتا تھا کہ ایک دن یہ سرزمین اس کی کرم بھومی اور یہاں کے لوگ اس کا پریوار بن جائیں گے۔
प्रणाम पीलीभीत 🙏 pic.twitter.com/D6T3uDUU6o
— Varun Gandhi (@varungandhi80) March 28, 2024
انہوں نے لکھا’ میں خود کو خوش قسمت مانتا ہوں کہ مجھے سالوں پیلی بھیت کی عظیم عوام کی خدمت کا موقع ملا۔ محض ایک ایم پی کے طور پر ہی نہیں بلکہ ایک شخصیت کے طور پر بھی میری پرورش اور میری ترقی میں پیلی بھیت سے ملی عزت، ہمدرد اور محبت کا بہت بڑا کردار ہے۔ آپ کا نمائندہ ہونا میری زندگی کا سب سے بڑا احترام رہا ہے۔ میں نے ہمیشہ اپنی پوری اہلیت سے آپ کے مفاد کے لئے آواز اٹھائی ہے۔
ورون گاندھی نے کہا’ ایک ایم پی کے طور پر میرا میعاد کار بھلے ہی ختم ہورہا ہو لیکن پیلی بھیت سے میرا رشتہ آخری سانس تک ختم نہیں ہو سکتا ہے۔ ایم پی کے طور پر نہیں تو بیٹے کے طور پر تا عمر آپ کی خدمت کے لئے کمر بستہ ہوں اور میرے دروازے آپ کے لئے ہمیشہ پہلے جیسے ہی کھلے رہیں گے۔
انہوں نے کہا’ میں سیاست میں عام آدمی کی آواز اٹھانے آیا تھا اور آج آپ سے یہ آشیرواد مانگ رہا ہوں کہ ہمیشہ یہ کام کرتا رہوں۔ بھلے ہی اس کی کوئی بھی قیمت چکانی پڑے۔ میرا اور پیلی بھیت کا رشتہ پیار اور اعتماد کا ہے۔ جو کسی سیاسی حساب سے بہت اوپر ہے میں آپ کا تھا ، ہوں اور رہونگا۔
مزید پڑھیں: لوک سبھا کے دوسرے مرحلے کی 88 سیٹوں کے انتخابات کے لئے کا نوٹیفکیشن جاری
پیلی بھیت بہیڑی سیٹ سے بی جے پی نے سال 2024 کے لئے ورون کا ٹکٹ کا ٹ کر یوگی حکومت میں وزیر جتن پرساد کو میدان میں اتارا ہے۔ بدھ کو جتن پرساد کے پرچہ نامزدگی میں ورون شامل نہیں ہوئے۔