سری نگر (یو این آئی): ماسٹر بلاسٹر سچن تندولکر نے ہفتہ کو جموں و کشمیر میں معذور کرکٹر عامر حسین لون سے ملاقات کی اور انہیں ایک دستخط شدہ بیٹ پیش کیا۔
عظیم بلے باز تندولکر نے آج اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر عامر (33) کے ساتھ اپنی گفتگو کا ایک ویڈیو پوسٹ کیا اورکیپشن دیا، “عامر ایک حقیقی ہیرو ہیں، متاثر کرتے رہیں! آپ سے مل کر خوشی ہوئی۔” کرکٹ لیجنڈ نے عامر کو دستخط شدہ بلے کا تحفہ دیا۔ جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے رہنے والے عامر، دونوں ہاتھوں سے محروم ہونے کے باوجود بلے بازی، گیندبازی اور فیلڈنگ دوسرے کرکٹروں کی طرح ہی کرتے ہیں۔
دراصل عامر آٹھ سال کی عمر میں ایک حادثے میں اپنے دونوں ہاتھ کھو بیٹھے تھے۔ عامر نے سابق کرکٹر سے کہا ’’آج میں بہت خوش ہوں۔ میں نے اپنی زندگی میں کبھی امید نہیں ہاری۔ سر، اس سوچ کے ساتھ آگے بڑھا۔
عامر نے ان سے کہا “حادثے کے بعد، میں نے امید نہیں ہاری اور سخت محنت کی۔ سال 2013 میں مجھے جموں و کشمیر کرکٹ ٹیم کے لیے منتخب کیا گیا۔ سر، آپ میری سب سے بڑی انسپریشن رہے ہیں۔” تندولکر نے عامر سے کہا کہ وہ ایک حقیقی ہیرو ہیں۔
گزشتہ ماہ سچن نے سوشل میڈیا پر عامر کا ایک ویڈیو شیئر کیا تھا اور کہا تھا، ’’عامر نے ناممکن کو ممکن بنا دیا ہے۔ میں عامر کو کھیلتے دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں! اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کے دل میں کھیل کے لیے کتنی محبت اور لگن ہے۔‘‘
یہ بھی پڑھیں: اترپردیش کے کاس گنج میں گنگا اسنان کے لیے جارہے اب تک 22 لوگوں کی موت
انہوں نے 12 جنوری کو اپنے ویڈیو میں کہا تھا، ’’امید ہے کہ میں ایک دن ان سے ملوں گا اور ان کے نام والی جرسی خریدوں گا۔ کھیل کھیلنے کے شوقین لاکھوں لوگوں کی حوصلہ افزائی کے لیے شکریہ!