حکومت دہلی نے پیاز کی قیمت بڑھانے کا مرکز پر لگایا الزام

0

نئی دہلی: دارالحکومت میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی اور مرکزی حکومت کے مابین الزام تراشیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ دہلی کے نائب وزیراعلیٰ منیش سسودیا نے پیاز کی قیمت میں اضافے کے لیے مرکزی مودی حکومت کو ذمہ دار قرار دیا ہے۔ الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ جان بوجھ کر پیاز کی فراہمی روک دی گئی ہے، جس کے نتیجے میں پیاز کی قیمت آسمان چھو رہی ہے۔
منیش سسودیا نے پریس کانفرنس میں کہا کہ مودی حکومت نے دہلی کے عوام کو خواہ مخواہ آزمائش میں مبتلا کرنے کے لیے پیازکو مہنگا کردیا ہے۔ اگر مودی حکومت نے وقت پر حسب وعدہ پیاز کی سپلائی کی ہوتی تو عوام کو پیاز کے آنسو نہیں رونے پڑتے اور اس کی قیمت بھی قابو میں رہتی۔ اس دوران دہلی کے اشیائے خوردنی اور فراہمی کے وزیر عمران حسین بھی موجود تھے۔
سسودیا نے کہا کہ مودی حکومت نے کیجریوال حکومت کو5 دسمبر کو خط لکھ کر مطلع کیا تھا کہ اس کے پاس 56 ہزار ٹن پیاز ہے، لہٰذا دہلی کے عوام کو حسب ضرورت پیاز مہیا کروانے کے لیے وہ پیاز خریدیں۔ اس کے بعد 09 نومبر تک روزانہ 10 ٹرک پیاز دہلی کو مہیا کروائی گئی،لیکن اچانک پیاز کی سپلائی روک دی گئی۔
سسودیا نے کہا کہ پیاز کی سپلائی کیوں روکی گئی؟ اس کی کوئی بھی اطلاع دہلی حکومت کو نہیں دی گئی۔ یہ مرکز کا تعجب خیز فیصلہ تھا اور اس سے واضح ہوتا ہے کہ پیاز کی سپلائی جان بوجھ کر روکی گئی اور قیمت بڑھائی گئی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ 24 نومبر کے بعد دہلی کے لیے پیاز کے ٹرک نہیں بھیجے گئے ہیں،جس کے نتیجے میں عوام بے حد پریشان ہیں۔ پہلے بھی مودی حکومت سے 10 ٹرک پیاز ہر دن جاری کرنے کی درخواست کی گئی تھی لیکن کبھی اس پر عمل درآمد نہیں ہوا اور تب بھی دہلی کو اوسطاً روزانہ پیاز کے 4 سے 5 پانچ ٹرک ملتے رہے ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS