سپریم کورٹ نے متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد کی سروے پر عبوری روک لگائی، ہندو فریق سے جواب طلب

0

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے متھرا کی شاہی عیدگاہ مسجد اور جنم بھومی تنازعہ پر بڑا فیصلہ سنایا ہے۔ عدالت نے الہ آباد ہائی کورٹ کے مسجد کے سروے کے لیے کمشنر (کورٹ کمشنر) کی تقرری کے حکم پر روک لگا دی ہے۔ تاہم عدالت نے کہا ہے کہ عدالت کیس کی سماعت جاری رکھے۔ جسٹس سنجیو کھنہ اور جسٹس دیپانکر دتہ کی بنچ نے شاہی عیدگاہ مسجد کمیٹی کی طرف سے دائر خصوصی اجازت کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ کے 14 دسمبر کے حکم پر روک لگا دی۔

قابل ذکر ہے کہ الہ آباد ہائی کورٹ نے اپنے حکم میں ایک ایڈوکیٹ کمشنر (کورٹ کمشنر) کی تقرری کا حکم دیا تھا۔ اس ایڈوکیٹ کمشنر کو مسجد کے احاطے کا سروے کرنا تھا۔ مسجد کمیٹی کی جانب سے ایڈووکیٹ تسنیم احمدی سپریم کورٹ میں پیش ہوئے۔ وکیل نے دلیل دی کہ ہائی کورٹ اس وقت سروے کا حکم نہیں دے سکتا جب متھرا کیس کو عبادت گاہوں کے قانون 1991 کے تحت خارج کرنے کی درخواست ابھی زیر التوا ہے۔ جس پر سپریم کورٹ بنچ نے دلائل قبول کرتے ہوئے ہائی کورٹ کے حکم پر روک لگانے کا عبوری حکم دیا۔ سپریم کورٹ نے ہندو فریق کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کر لیا ہے۔ تاہم سپریم کورٹ نے واضح کیا کہ اس معاملے پر ہائی کورٹ میں سماعت جاری رہے گی۔

وہیں، ہندو فریق نے شاہی عیدگاہ مسجد کے سروے کے لیے کورٹ کمشنر کی تقرری کا مطالبہ کرتے ہوئے الہ آباد ہائی کورٹ میں عرضی داخل کی تھی۔ 14 دسمبر کو اس درخواست پر سماعت کرتے ہوئے ہائی کورٹ نے شاہی عیدگاہ مسجد کمپلیکس کے سروے کے لیے کورٹ کمشنر مقرر کرنے کا حکم دیا تھا۔ ہندو فریق کے وکیل وشنو شنکر جین نے کہا تھا کہ درخواست میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ بھگوان کرشن کی جائے پیدائش اس مسجد کے نیچے موجود ہے اور اس میں بہت سی نشانیاں ہیں جو ثابت کرتی ہیں کہ مسجد ہندو مندر ہے۔ درخواست میں دعویٰ کیا گیا کہ وہاں کمل کی شکل کا ستون موجود ہے جو ہندو مندر کی خصوصیت ہے۔

قابل ذکر ہے کہ عبادت گاہوں کا قانون 1991 15 اگست 1947 کے بعد ملک کے تمام مذہبی مقامات کی جوں کا توں برقرار رکھنے کی بات کرتا ہے۔ مندر، مساجد، گرجا گھر اور دیگر تمام عبادت گاہیں تاریخ کی روایت کے مطابق وہی رہیں گی جو ملک کی آزادی کے وقت تھیں، انہیں کوئی عدالت یا حکومت تبدیل نہیں کر سکتی۔ یہ قانون پی وی نرسمہا کی حکومت میں بنایا گیا تھا۔ اس وقت رام مندر تحریک اپنے عروج پر تھی اور اس کو لے کر ملک میں فرقہ وارانہ ماحول تھا۔ اس پر حکومت نے عبادت گاہوں میں تبدیلی کے خلاف یہ قانون بنایا تھا۔ اس قانون کی دفعات کے تحت، مسجد کمیٹی نے متھرا شری کرشنا جنم بھومی شاہی عید گاہ مسجد تنازعہ کیس کو خارج کرنے کی اپیل کی تھی، جس کی سماعت زیر التواء ہے۔

مزید پڑھیں: بی ایس پی تنہا لڑے گی انتخابات، سیاست کو خیرباد نہیں کہا: مایاوتی

سپریم کورٹ نے الہ آباد ہائی کورٹ کے مسجد کے سروے کے لیے کمشنر (کورٹ کمشنر) کی تقرری کے حکم پر روک لگا دی ہے۔ تاہم عدالت نے کہا ہے کہ عدالت کیس کی سماعت جاری رکھے۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS