بنگال میں ماب لنچنگ کا سنسنی خیز واقعہ، گائے چوری کے الزام میں 2 افراد کا قتل

0

کولکاتا، (ایجنسیاں): مرکزی حکومت کے ذریعہ کریمنل لا میں ترمیم کے 2 دن کے اندر ہی مغربی بنگال میں ماب لنچنگ کا بڑا واقعہ پیش آیا ہے۔ مغربی بنگال کے وردھمان ضلع میں واقع جمال پور میں گائے چوری کرنے کے الزام میں مشتعل بھیڑ نے 2 لوگوں کا پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں کریمنل لا میں ترمیمی بل پاس کیا گیا ہے۔ اس بل میں ماب لنچنگ کے لیے سزائے موت کا التزام ہے۔

بتایا جا رہا ہے کہ گزشتہ کچھ دنوں سے گاؤں میں یکے بعد دیگرے گائے چوری کے واقعات پیش آرہے تھے۔ گؤشالہ سے گائیں چوری ہو رہی تھیں۔ خبر مقامی تھانہ میں دی گئی تھی، لیکن مقامی لوگوں کو یہ پتہ نہیں چل سکا کہ یہ چوری کون کر رہا ہے، اور گایوں کے ساتھ کیا کیا جا رہا ہے۔ تازہ معاملہ جمعہ کی دیر شب کا بتایا جا رہا ہے۔ مقامی باشندوں نے گائے چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑ لیا اور پھر ان کی جم کر پٹائی شروع کر دی۔ اس پٹائی سے 2 لوگوں کی موت ہو گئی۔

یہ سنسنی خیز واقعہ مشرقی وردھمان ضلع کے جمال پور بلاک میں واقع تروک مینا گاؤں میں پیش آیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس علاقہ میں کئی دنوں سے گایوں کی چوری ہو رہی تھی۔ اس سے پریشان گاؤں والوں نے جمال پور تھانہ میں شکایت بھی درج کرائی تھی۔ پھر جب جمعہ کی دیر شب تقریباً ڈیڑھ بجے 407 پِک اَپ وین سے 5 لوگ گاؤں پہنچے تو مقامی لوگوں کو اس کا پتہ چل گیا۔ گاؤں والوں کا دعویٰ ہے کہ وہ لوگ ایک مقامی باشندہ کے مویشی گھر کے دروازے کا تالا توڑنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس کے بعد مشتعل بھیڑ نے پانچوں افراد کو چور سمجھ کر ان کا پیچھا کیا، لیکن 3 فرار ہو گئے۔ 2 لوگ تالاب میں کود گئے جسے گاؤں والوں نے گھیر لیا۔ پھر انہوں نے اسے تالاب سے باہر نکالا اور گائے چور ہونے کے شبہ میں جم کر پٹائی کر دی۔

واقعہ کی خبر ملتے ہی جمال پور تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچی۔ سنگین طور سے زخمی 2 لوگوں کو میموری اسپتال لے جایا گیا۔ بعد میں انہیں وردھمان میڈیکل کالج اسپتال لے جایا گیا جہاں صبح ان کی موت ہو گئی۔

مزید پڑھیں: بجرنگ پونیا اور ساکشی ملک کی حمایت میں پہلوان ویریندر سنگھ نے بھی پدم شری واپس کرنے کا اعلان کیا

واقعہ کے بعد علاقے میں پولیس کا پہرہ بٹھا دیا گیا ہے۔ پولیس یہ پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے کہ اس قتل واقعہ میں کون لوگ شامل ہیں۔ ساتھ ہی مہلوکین کی شناخت کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS