نئی دہلی (ایجنسیاں): راہل ڈراوڑ اتوار (17 دسمبر) سے جنوبی افریقہ کے خلاف شروع ہونے والی ون ڈے سیریز میں ٹیم انڈیا کے کوچ نہیں ہوں گے۔ اس دوران وہ ہندوستانی ٹیسٹ اسکواڈ سے وابستہ رہیں گے۔ وہ جنوبی افریقہ کے خلاف دو میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے لیے ٹیم انڈیا کی تیاریوں کو مضبوط کریں گے۔ خاص بات یہ ہے کہ راہل ڈراوڑ کی غیر موجودگی میں ہندوستانی ٹیم کی کوچنگ کی ذمہ داری سنبھالنے والے وی وی ایس لکشمن بھی اس ون ڈے سیریز میں ٹیم انڈیا کی رہنمائی کرتے نظر نہیں آئیں گے۔ اس ون ڈے سیریز کے لیے بی سی سی آئی نے ٹیم انڈیا کے لیے بالکل نیا کوچنگ اسٹاف فراہم کیا ہے۔کوچنگ کی ذمہ داری سابق اسٹار بلے باز سیتانشو کوٹک کو سونپی گئی ہے۔
بی سی سی آئی نے ہفتہ کو ایک پریس ریلیز میں کہا،”ہندوستانی ٹیم کے ہیڈ کوچ راہل ڈراوڑ، بیٹنگ کوچ وکرم راٹھور، بولنگ کوچ پارس مہمبرے اور فیلڈنگ کوچ ٹی دلیپ ٹیسٹ اسکواڈ میں شامل ہوں گے اور ٹیسٹ سیریز اور تین روزہ انٹرا اسکواڈ میچ میں حصہ لیں گے۔ جنوبی افریقہ کے خلاف تیاریاں دیکھیں گے۔“
مزید پڑھیں: شامی جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے باہر، چاہر نے نام واپس لیا
ہندوستانی ٹیم 26 دسمبر سے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔ اس سے پہلے 20 دسمبر سے ٹیم انڈیا کے ٹیسٹ اسکواڈ کے درمیان تین روزہ انٹرا اسکواڈ میچ ہوگا۔ یہ میچ ہندوستانی کھلاڑیوں کے لیے ٹیسٹ سیریز سے قبل ایک پریکٹس میچ جیسا ہوگا۔ ہندوستانی ٹیسٹ اسکواڈ کے تمام کھلاڑی جنوبی افریقہ پہنچ گئے ہیں۔