مذہب کیا ہے یا کیا ہو، یہ بحث کا موضوع ہے۔ مذہب کی بلندیوں کو چھونے میں ہم سائنس میں پیچھے رہ گئے۔ ہمیں نفرت و تفریق پھیلانے والا سماج نہیں چاہئے۔ جمہوریت کے مندر کو بچانا میڈیا کی ذمہ داری ہے۔ اس مندر کو بچانا اور محفوظ رکھنا ہے۔ یہ خیال سہارا نیوز نیٹ ورک کے پرنسپل ایڈوائزر اوپیندر رائے نے اسٹیٹ پریس کلب کے زیر اہتمام منعقدہ سہ روزہ پترکارتا مہوتسو کے آخری دن ٹاک شو میں ظاہر کیا۔
ٹاک شو میں مدھیہ پردیش کے وزیر صحت تلسی سلاوٹ نے کہا کہ جب تک ہم آبا و اجداد کے لکھے ہوئے کو نہیں پڑھیں گے تب تک کام نہیں کر پائیں گے۔ صحافت میں تبدیلی آئی ہے۔ ایک لمحے میں ہمیں کہاں کیا ہو رہاہے پتا چل جاتا ہے۔ نوجوان ہی ملک میں تبدیلی لاسکتے ہیں۔ اس موقع پر راجیہ سبھا ٹی وی کے سابق ایڈیٹر راجیش بادل، پریس ایسو سی ایشن آف انڈیا کے صدر جے شنکر گپتا، پریس کلب آف انڈیا کے صدر اننت بھگت کر، سینئر صحافی ستیش سنگھ، لوک مت سما چار کے گروپ ایڈیٹر وجے کمار، کیرل پریس یونین کے سکریٹری ایس سنیل کمار، کیرل پریس یونین کے ہی ڈی ٹی پی پرشانت، دہلی کے سینئر صحافی منیش اوستھی نے بھی اپنے خیالات ظاہر کےے۔
پروگرام میں دور دراز سے آئے سینئر صحافیوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جمہوریت کے مندر کو بچانے کے لےے میڈیا کو اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ اس وقت حالات خراب ہیں۔ ایسے حالات میں ذمہ داری اور بڑھ جاتی ہے۔ پروگرام کے آخر میں ملک بھر سے آئے صحافیوں کا خیر مقدم کیا گیا۔ پروگرام کے آغاز میں اسٹیٹ پریس کلب کے صدر پروین کھاریوال نے اس مہوتسو کی جانکاری دی۔