نئی دہلی، (یو این آئی) صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ جگدیپ دھن کھڑ، وزیر اعظم نریندر مودی، لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا، راجیہ سبھا کے ڈپٹی چیئرمین ہری ونش، راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر ملکارجن کھرگے، کانگریس لیڈر سونیا گاندھی، راہل گاندھی،مرکزی وزراء امت شاہ، پیوش گوئل، پرہلاد جوشی، وی مرلی دھرن و دیگر نے بدھ کے روز پارلیمنٹ پر ہوئے دہشت گردانہ حملے کی 22ویں برسی کے موقع پر شہید ہونے والے 9 سیکورٹی اہلکاروں کو خراج عقیدت پیش کیا۔محترمہ مرمو نے کہا کہ ملک ہمیشہ بہادر سیکورٹی اہلکاروں کا مقروض رہے گا اور
سب سے کہا کہ وہ دہشت گردی کو ختم کرنے کے اپنے عہد کا اعادہ کریں۔ صدر جمہوریہ نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ’اسی دن 22سال پہلے ملک میں اعلیٰ سیاسی قیادت کو ختم کرنے اور ہماری جمہوریت کے مندر کو نقصان پہنچانے کے دہشت گردی کے مذموم منصوبے کو بہادر سیکورٹی اہلکاروں نے ناکام بنا دیا، جن میں 9افراد بھی شامل تھے، جنہوں نے مادر وطن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا‘۔ انہوں نے کہا کہ سیکورٹی اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، کیونکہ ہم آج دہشت گردی کو، جو ہر جگہ انسانی جانوں کیلئے خطرہ ہے، اس کی تمام شکلوں کو ختم کرنے کے اپنے عہد کا اعادہ کر رہے ہیں۔
مزید پڑھیں:راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما کی حلف برداری کل
تمام لیڈروں نے پرانے پارلیمنٹ ہاؤس یا سنویدھان سدن کے باہر شہید سیکورٹی اہلکاروں کی تصاویر پر گلہائے عقیدت نذر کئے اور ان کی یاد میں 2 منٹ کی خاموشی اختیار کی۔سنٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) کے دستے نے شہیدوں کو سلامی دی۔