نئی دہلی (ایجنسیاں): ہندوستانی سفیر وپل نے قطر کی جیل میں قید 8 سابق ہندوستانی میرینز سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات اتوار یعنی 3 دسمبر کو ہوئی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے جمعرات کو یہ جانکاری دی۔ باگچی نے کہاکہہم نے سابق میرینز کی سزائے موت کے خلاف اپیل کی تھی۔ اس کی دو بار سماعت ہو چکی ہے۔ ہم معاملے پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔ انہیں تمام قانونی اور قونصلر مدد فراہم کی جارہی ہے۔ یہ انتہائی حساس معاملہ ہے، اس لیے زیادہ جانکاری نہیں دی جا سکتی۔ 23 نومبر کو قطری عدالت نے ان کی سزائے موت کے خلاف درخواست منظور کر لی تھی۔
ہندنے تقریباً ایک ماہ قبل سابق میرینز کی سزا کے خلاف اپیل کی تھی۔ وزارت خارجہ کے ترجمان ارندم باگچی نے 9 نومبر کو اپیل دائر کرنے کی اطلاع دی تھی۔
مزید پڑھیں: ریونت ریڈی کی کابینہ میں ایک بھی مسلم چہرہ نہیں
انہوں نے کہا تھاکہ ہندوستان کو ان فوجیوں سے ملنے کیلئے دوسری قونصلر رسائی بھی ملی ہے۔ حکومت ہندقطر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔ قطر میں جن 8 سابق بحریہ افسران کو موت کی سزا سنائی گئی ہے ان میں کیپٹن نوتیج سنگھ گل، کیپٹن سوربھ وشیشتھ، کیپٹن بیرندر کمار ورما، کمانڈر پورنیندو تیواری، کمانڈر سگناکر پکالا، کمانڈر سنجیو گپتا، کمانڈر امت ناگپال اور سیلر راگیش شامل ہیں۔ 26 اکتوبر کو قطر کی ایک عدالت نے 8 سابق ہندوستانی میرینز کو موت کی سزا سنائی تھی۔