بیروت (یواین آئی): لبنان کی جنوبی سرحد اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان باہمی جھڑپوں کا میدان بنی ہوئی ہے۔جب سے حماس نے سات اکتوبر کو اسرائیل پر حملہ کیا تو اس کے بعد لبنان اسرائیل سرحد بھی کشیدگی کی لپیٹ میں آگئی تھی۔
اسرائیلی فوج نے اعلان کیا کہ اس نے لبنان میں حزب اللہ کے ہتھیاروں کے ذخیرہ کرنے والی ایک تنصیب کو نشانہ بنایا ہے۔ اس سے قبل حزب اللہ کے جنگجوؤں نے عرب العرامشہ کے مقام پر اسرائیلی فوج کی چوکیوں پر مارٹر گولے داغے تھے۔
عرب ورلڈ نیوز کے مطابق اس نے ایک بیان میں کہا کہ اس نے تل حائی، کریات شمونہ اور اس سے منسلک مقام شتولا کی جانب گولہ باری کی نشاندہی کی گئی جب کہ اسرائیلی فوج نے جوابی کارروائی میں لبنان میں گولہ بارود کے ذرائع کو نشانہ بنایا۔
اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے توپ خانے سے لبنانی حدود کے اندر متعدد مقامات پر بمباری کی۔
یہ بات اس وقت سامنے آئی ہے جب اسرائیلی فوج کے ترجمان اویچائی ادرعی نے پیر کے روز کہا تھا کہ لبنانی سرزمین سے مارٹر حملے کے نتیجے میں سرحدی فوجی مقام پر موجود تین اسرائیلی فوجی معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
ادرعی نے “ایکس” پلیٹ فارم پر اپنے اکاؤنٹ کے ذریعے کہا کہ فوجی دستوں نے بمباری کا جواب بمباری سے دیا اور حزب اللہ کے اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا گیا۔
اسرائیلی فوج نے ایک بیان میں مزید کہا کہ شمالی اسرائیل کے قصبے ہاردوف پر لبنان سے گولے فائر کیے گئےجو کھلے علاقوں میں گرے۔ ایک گولے نے لبنان کی سرحد کے قریب واقع قصبے مسغاف کو نشانہ بنایا، جب کہ اسرائیلی فوج نے جوابی کارروائی میں میزائل لانچنگ کے مقام پر گولہ باری کی۔
مزید پڑھیں: اسرائیلی جہازوں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ، غزہ پر اب تک دس ہزار فضائی حملے
دوسری جانب حزب اللہ نے الگ الگ بیانات میں اعلان کیا ہے کہ اس نے جل العالم سائٹ، بیریشا سائٹ اور ہرش ہنتا میں اسرائیلی پیادہ فورس کو نشانہ بنایا ہے۔