اسرائیل نے 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا

0

یروشلم، (یو این آئی) حماس کی جانب سے غزہ میں عارضی جنگ بندی کو مزید ایک دن تک بڑھانے کے معاہدے کے تحت مزید قیدیوں کو رہا کرنے کے چند گھنٹے بعد اسرائیلی حکام نے جمعہ کو 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا۔
الجزیرہ اخبار کے مطابق حماس کی طرف سے آٹھ اسرائیلی قیدیوں کو رہا کرنے کے چند گھنٹے بعد اسرائیل نے 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کر دیا ہے جن میں 23 بچے اور سات خواتین شامل ہیں۔
فلسطینی قیدیوں کو لے جانے والی ایک بس کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر رام اللہ پہنچنے پر قیدیوں کا استقبال کیا گیا، جہاں پہلے سے بہت سے فلسطینی شہری موجود تھے۔ جن میں سے بعض کے ہاتھوں میں حماس کا سبز پرچم تھا۔
واضح رہے کہ اسرائیلی حکام کے مطابق حماس نے جمعرات کو پہلی رہائی میں دو اسرائیلی اسیر خواتین کو رہا کیا تھا جس کے بعد شام کو مزید چھ قیدیوں کو رہا کیا گیا تھا۔ مجموعی طور سے حماس نے 110 قیدیوں کو رہا کیا ہے، جن میں 80 اسرائیلی شہری بھی شامل ہیں، دونوں فریقوں کی طرف سے 24 نومبر کو جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے رہائی پانے والے 30 غیر اسرائیلی قیدیوں میں سے زیادہ تر کا تعلق تھائی لینڈ سے تھا، جنہیں ایک الگ معاہدے کے تحت رہا کیا گیا تھا۔ بدلے میں اسرائیل نے 240 فلسطینی قیدیوں کو رہا کیا ہے۔
اسرائیلی فوج نے کہا کہ اس نے غزہ کی پٹی پر حملے دوبارہ شروع کر دیے ہیں، حماس کے ساتھ جنگ ​​بندی آج مقامی وقت کے مطابق صبح سات بجے ختم ہونے کے چند منٹ بعد غزہ کی پٹی پر اسرائیل کے تازہ حملے میں چھ افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔

 

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS