دبئی: ازبکستان کے صدر شوکت میر زیوف نے بدھ کے روز کہا کہ فلسطینی عوام کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل سے منظور کردہ قراردادوں کے مطابق اپنی آزاد ریاست کے قیام کا حق حاصل ہے۔
صدر شوکت میر زیوف کا یہ بیان اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ شروع ہونے کے 26ویں روز سامنے آیا ہے جس میں اب تک 8300 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور ان میں 66 فیصد خواتین اور بچے شامل ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق اس جنگ میں اب تک دسیوں ہزار زخمی ہو چکے ہیں۔
ازبکستان کے صدر شوکت میر زیوف غزہ کی پٹی کے لوگوں کے لیے انسانی امداد کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ ازبکستان کی بھرپور یکجہتی فلسطینی عوام کے ساتھ ہے۔
شوکت میرزیوف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل سے منظور شدہ قراردادوں کے مطابق آزاد فلسطینی ریاست کے قیام پر زور دیا۔
ازبکستان کے صدر نے مزید کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تشدد مزید بڑھنے سے بین الاقوامی صورتحال میں بڑے پیمانے پر عدم استحکام اور مسلح تصادم میں نئی قوتوں کی شمولیت ہوسکتی ہے۔ یہ سب کچھ ناقابل توقع مشکل، المناک نتائج کا باعث بن سکتا ہے جن کے اثرات مشرق وسطی کے علاقے سے بہت آگے تک پڑسکتے ہیں۔
مزید پڑھیں: ہم فلسطین کے ساتھ ہیں: شمالی کوریا
صدر شوکت میرزیوف نے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ کی پٹی کے باشندوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے اقوام متحدہ کی ایجنسی برائے مشرق وسطیٰ کو 15 کروڑ ڈالر دینے کا بھی اعلان کیا۔
(یو این آئی)