فلسطین کے لیے کام کرنے والے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے (یو این آر ڈبلیو اے) کے سربراہ نے غزہ پر اسرائیلی جارحیت اور اس کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتوں پر کہا ہےکہ دنیا اپنی انسانیت کھوتی جارہی ہے۔
برطانوی میڈیا کےمطابق ریلیف ایجنسی کے سربراہ فلپ لازارینی نے کہا کہ حماس اور اسرائیل کی جنگ کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ اس وقت ایک کھائی کے کنارے پر کھڑا ہے۔
اقوام متحدہ کے ریلیف کمشنر نے غزہ میں جاری تشدد کے پورے خطے میں پھیلنے کا بھی خدشہ ظاہر کیا ۔
انہوں نے غزہ کیلئے انسانی امداد کی راہداری کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مجھے ڈر ہے کہ دنیا انسانیت کھوتی جارہی ہے اور اس وقت غزہ میں بلا تعطل امداد فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ روس اور پاکستان سمیت دیگر ممالک نے غزہ کے متاثرین کے لیے انسانی امداد روانہ کی ہے تاہم مصر کی رافح راہداری نہ کھلنے کے باعث متاثرین امداد سے محروم ہیں۔
مزید پڑھیں: غزہ کیلئے پاکستان سے 81 ٹن امداد لے کر خصوصی طیارہ مصر پہنچ گیا
غزہ پر اسرائیلی جارحیت میں اب تک شہید فلسطینیوں کی تعداد 3900 سے تجاوز کرگئی ہے۔
(یو این آئی)