مرمو نے دادی پرکاش منی کی یاد میں ڈاک ٹکٹ جاری کیا

0

نئی دہلی، (یو این آئی) صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے جمعہ کو راشٹرپتی بھون کے کلچرل سینٹر میں منعقدہ ایک تقریب میں روحانی اور سماجی شعبے میں کام کرنے والی بین الاوامی غیر سرکاری تنظیم برہما کماری کی سابق سربراہ دادی پرکاش منی کی یاد میں ایک ڈاک ٹکٹ جاری کیا اور عوام سے عوامی فلاح و بہبود کے جذبے سے کام کرنے کی اپیل کی۔
صدر جمہوریہ کے سکریٹریٹ سے جاری کردہ ایک ریلیز کے مطابق یہ ڈاک ٹکٹ وزارت مواصلات کے محکمہ کے ‘مائی اسٹیمپ’ اقدام کے تحت دادی پرکاش منی کی 16ویں برسی کے موقع پر جاری کیا گیا ہے۔
اس موقع پر بات کرتے ہوئے محترمہ مرمو نے کہا کہ دادی پرکاش منی نے روحانیت کے ذریعے ہندوستان اور بیرون ملک ہندوستانی اقدار اور ثقافت کو پھیلایا۔ ان کی قیادت میں برہما کماری دنیا کی سب سے بڑی خواتین کی زیر قیادت روحانی تنظیم بن گئی۔ ایک سچے لیڈر کی طرح وہ مشکل حالات میں بھی ایمان اور ہمت کے ساتھ برہما کماری خاندان کے ساتھ کھڑی رہیں اور ہمیشہ ان کی رہنمائی کی۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ کسی بھی شخص کو صرف اس کے اعمال کی وجہ سے یاد کیا جاتا ہے اس لیے ہر شخص کو فلاح عامہ کے جذبے سے اچھے کام کرنے چاہئیں۔ دادی پرکاش منی بھلے ہی جسمانی طور پر ہمارے ساتھ نہ ہوں، لیکن ان کی روحانی اور ملنسار شخصیت کی یاد اور انسانی بہبود کا ان کا پیغام ہمیشہ ہمارے درمیان زندہ رہے گا اور آنے والی نسلوں کو متاثر کرتا رہے گا۔
اس موقع پر انہوں نے بدھ کو ہندوستان کے چندریان -3 مشن کی کامیابی کا بھی ذکر کیا اور کہا “ہم سب نے ہندوستان کے سائنسدانوں کی بے مثال کامیابی دیکھی ہے۔ ہندوستان چاند کے جنوبی قطب پر پہنچنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا ہے۔
محترمہ مرمو نے یقین ظاہر کیا کہ چندریان 3 مشن کے ذریعے چاند کی سرزمین سے نئی معلومات حاصل کی جائیں گی جس سے پوری دنیا کو فائدہ پہنچے گا۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS