نئی دہلی: ملک میں کورونا وائرس کا قہر مسلسل بڑھ رہا ہے اور گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ایک بار پھر کورونا وائرس کے 9985 معاملے سامنے آئے جس سے متاثرین کی تعداد پونے تین لاکھ سے زائد ہو گئی اور اس دوران 279 افراد ہلاک ہوگئے جس سے ہلاک شدگان کی تعداد 7745 ہو گئی ۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی کی طرف سے بدھ کے روز جاری اعداد و شمار کے مطابق 9985 نئے معاملوں کو ملا کر ملک میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 276583 ہو گئی جبکہ اس وبا سے 7745 افراد اب تک ہلاک ہو چکے ہیں۔ ملک میں فی الوقت کورونا وائرس کے 133632 معاملے ہیں ،جبکہ 135206 افراد اس وبا سے صحت یاب ہو گئے ہیں ۔ مہاراشٹر اس ملک میں سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔ ریاست میں گذشتہ 24 گھنٹوں میں 2259 نئے معاملے درج کئے گئے اور 120 افراد ہلاک ہو ئے ہیں، جس کے ساتھ متاثرین کی تعداد 90787 ہو گئی اور اس مہلک وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر3289 ہو گئی ہے۔ اس دوران ریاست میں 1663 افراد اس وبا سے روبہ صحت ہوئے ہیں جس سے صحت یاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 42638 ہوگئی۔