شہریت ترمیمی بل کے نفاذ پر 6ریاستوں کا انکار

0

شہریت قانون میں ترمیم کے خلاف ملک کے کئی حصوں میں پرتشدد احتجاجی مظاہرے ہو رہے ہیں۔ اس بل کی کانگریس، این سی پی، ایس پی، آر جے ڈی، بی ایس پی سمیت ملک کی تقریباً سبھی اپوزیشن پارٹیاں مخالفت کر رہی ہیں۔ ساتھ ہی شمال مشرقی ہندوستان میں بھی اس تعلق سے پرتشدد احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ راجدھانی دہلی، پٹنہ اور اتر پردیش میں بھی کئی جگہوں پر اس بل (اب قانون)کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں۔ کئی ریاستوں نے اسے نافذ کرنے سے انکار کر دیا ہے۔ کانگریس حکمراں مدھیہ پردیش اور چھتیس گڑھ دونوں ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ نے کہا کہ وہ اس بل کو لے کر ان کی پارٹی کے رخ کی حمایت کرتے ہیں۔ اس طرح اب تک 6 ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اسے اپنی ریاست میں نافذ نہیں کرنے کی بات کہہ چکے ہیں۔
مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کمل ناتھ نے کہا ہے کہ شہریت قانون کو لے کر کانگریس پارٹی نے جو بھی رخ اپنایا ہے، ہم اس پر عمل کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ کیا ہم اس عمل کا حصہ بننا چاہتے ہیں، جو تقسیم کے بیج بوتی ہے؟چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ بھوپیش بگھیل نے کہا کہ شہریت قانون میں ترمیم کو لے کر ہمارا نظریہ کانگریس کے نظریہ سے بالکل بھی الگ نہیں ہے۔ ہمارا رخ بھی ان کے جیسا ہی ہے۔ ہم اس بل کی مخالفت کرتے ہیں، کیونکہ یہ غیر آئینی ہے۔ اس سے قبل مغربی بنگال، پنجاب اور کیرالہ حکومت بھی اسے اپنی ریاست میں نافذ نہیں کرنے کا اعلان کر چکے ہیں۔ اس طرح سے اب یہ قانون ملک کی ان 6 ریاستوں میں نافذ نہیں ہوگا۔ مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی پہلے ہی اس کی مخالفت کرتی رہی ہیں اور کسی بھی حال میں اسے نافذ نہیں کرنے کی بات کہہ چکی ہیں۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیپٹن امرندر سنگھ اور کیرالہ کے وزیر اعلیٰ پینارائی وجین بھی اس شہریت قانون پر اپنی مخالفت ظاہر کر چکے ہیں۔مہاراشٹر حکومت میں وزیر اور کانگریس لیڈر بالا صاحب تھوراٹ سے جب ان کا نظریہ پوچھا گیا اور سوال کیا گیا کہ کیا مہاراشٹر حکومت نئے شہریت قانون کو نافذ کرے گی، تو انھوں نے اس کے جواب میں کہا کہ ہم اپنی پارٹی کی مرکزی قیادت کی پالیسی پر عمل کریں گے۔ انھوں نے واضح لفظوں میں کہا کہ ’ہم پوری طرح پارٹی کے رخ کے ساتھ ہیں‘۔

سوشل میڈیا پر ہمارے ساتھ جڑنے کے لیے یہاں کلک کریں۔ Click 👉 https://bit.ly/followRRS